پنجاب اسمبلی کے اکثریتی اراکین اب بھی میرے ساتھ ہیں: چوہدری پرویز الہٰی
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور وزارتِ اعلٰی کے نامزد اُمیدوار چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اُنہیں اکثریتی اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
اتوار کو پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اُن کے چوہدری سرور کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں وہ اُن کے خلاف کوئی بات نہیں کریں گے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے دعویٰ کیا کہ چھ اپریل کو وزارتِ اعلٰی کی ووٹنگ میں کامیاب ہوں گے۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ نوٹس لے لیا
پاکستان کے صدر کی جانب سے وزیرِ اعظم کی سفارش پر قومی اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد ملک میں آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
صدر نے قومی اسمبلی ایسے موقع پر تحلیل کی ہے جب وزیرِ اعظم کے خلاف آج قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہونا تھی۔
ملک میں آئینی بحران پیدا ہونے پر اعلیٰ عدالت حرکت میں آ گئی ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے نوٹس لے لیا ہے۔
’پاکستان کے آئین میں واضح ہے کہ غداروں کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے‘
تحریکِ عدم اعتماد پر اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کے بعد اجلاس ملتوی ہو گیا ہے لیکن اپوزیشن اراکین ایوان میں ہی موجود ہیں۔
حکمران جماعت تحریکِ انصاف کے اراکین آج کی کارروائی اور ملک میں پیدا ہونے والے آئینی بحران کو کیسے دیکھ رہے ہیں؟ یہی جاننے کے لیے وائس آف امریکہ کی نمائندہ سارہ حسن نے حکمران جماعت کی رہنما ملیکہ بخاری سے گفتگو کی ہے۔
عامر لیاقت کا تحریکِ انصاف چھوڑنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت حسین نے اپنی جماعت کو خیرباد کہنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عامر لیاقت نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وزیرِ اعظم نے جو کچھ کیا ثابت ہو گیا کہ اپوزیشن جو کچھ کر رہی تھی درست کر رہی تھی۔ آئین سے کس نے انحراف کیا اور منحرف کون ہے؟ فیصلہ عدالت کرے گی لیکن افسوس کہ جنرل قمرباجوہ کو ہٹانے کے لیے یہ کھیل کھیلا گیا۔