سیاسی صورتِ حال پر از خود نوٹس؛ سپریم کورٹ کا لارجر بینچ تشکیل
پاکستان کی سپریم کورٹ نے موجودہ سیاسی صورتِ حال پر ازخود نوٹس پر لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ پیر کو دن ایک بجے اس نوٹس کی سماعت کرے گا۔
قبل ازیں اتوار کو تین رکنی بینچ نے اس معاملے کی سماعت کی تھی۔
سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63-اے کی تشریح کے معاملے کی سماعت مؤخر کر دی ہے۔
’کوئی حکومتی ادارہ غیر آئینی حرکت نہیں کرے گا‘
پاکستان میں جاری سیاسی صورتِ حال پر سپریم کورٹ نے تمام سیاسی جماعتوں کو حکم دیا ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں۔ عدالت نے کہا ہے کہ کوئی حکومتی ادارہ غیر آئینی حرکت نہیں کرے گا۔ عدالتی کارروائی کی مزید تفصیلات بتا رہے ہیں ہمارے نمائندے عاصم علی رانا۔
’غیر آئینی اقدام پر آئین کا آرٹیکل چھ لاگو ہوتا ہے‘
پنجاب اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک جمع ہو جائے تو وزیرِ اعظم قومی اسمبلی نہیں توڑ سکتے۔ انہوں نے غیر آئینی اقدام کیا ہے جس پر آئین کا آرٹیکل چھ لاگو ہوتا ہے۔
تحریک انصاف کے منحرف رہنما علیم خان اور دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پرویز الہی تحریک انصاف کے ووٹ سے اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔ اب ان کے ووٹ پورے نہیں ہو رہے تو ان کو یہ ارکان اسمبلی برے لگ رہے ہیں۔
سپریم کورٹ میں قومی اسمبلی کی کارروائی کے حوالے سے سماعت پر انہوں نے کہا کہ عدالت سے امید ہے کہ اچھا فیصلہ ہوگا اور اس سے آئین و قانون کو تقویت ملے گی۔
عمران خان کا کوئی غیر آئینی اقدام سرپرائز نہیں بلکہ بغاوت ہے: بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ نہ کروانا آئین کی خلاف ورزی نہیں بلکہ آئین سے بغاوت ہے۔
پارلمینٹ ہاؤس میں وائس آف امریکہ کی نامہ نگار سارہ حسن سے خصوصی گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کا ہر اقدام آئین سے متصادم ہے۔