آئینی بحران کا کیس فل کورٹ کو سننا چاہیے: سعد رفیق
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئین کی سنگین خلاف ورزی کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے فل کورٹ پر مشتمل بینچ کو کرنا چاہیے۔
سعد رفیق نے ایک ٹوئٹ میں مطالبہ کیا کہ غیر ملکی سازش کا تماشہ بھی سپریم کورٹ میں ہی بے نقاب ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ریاست اور آئین سے بالاتر نہیں اور آئین و قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
سپریم کورٹ کا لارجر بینچ آج از خود نوٹس کی سماعت کرے گا
پاکستان میں پیدا ہونے والے آئینی بحران پر سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ آج از خود نوٹس کی سماعت کرے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال لارجر بینچ کی سربراہی کریں گے جب کہ دیگر ججز میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے اتوار کو پاکستان کے پارلیمان میں ہونے والی کارروائی کے بعد پیدا ہونے والے آئینی بحران کا نوٹس لیتے ہوئے پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا۔
عمران خان نگراں وزیرِ اعظم کی تعیناتی تک کام جاری رکھیں گے: صدرِ پاکستان
صدرِ پاکستان نے نگراں وزیرِ اعظم کی تعیناتی تک عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر کام جاری رکھنے کا کہہ دیا ہے۔
صدارتی دفتر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان آئین کے آرٹیکل 224 اے فور کے تحت کام جاری رکھیں گے۔
عمران خان کا غیر جمہوری عمل کوئی سرپرائز نہیں ہے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا غیر جمہوری عمل ان کے لیے کوئی سرپرائز نہیں ہے بلکہ آج جو ہوا وہ وزیرِ اعظم کی اقتدار پر قابض رہنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے وزیرِ اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی پر آرٹیکل چھ کا مقدمہ چلانے پر بھی زور دیا۔ اپوزیشن عمران خان کی حکومت کی مدت ختم ہونے سے صرف ڈیڑھ سال قبل تحریکِ عدم اعتماد کیوں لائی اور اب حزبِ اختلاف کی کیا حکمتِ عملی ہوگی؟ جانتے ہیں بلاول بھٹو کی وائس آف امریکہ کی سارہ حسن سے گفتگو میں۔