رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

10:10 5.4.2022

امریکہ کسی ایک جماعت کی حمایت نہیں کرتا: ترجمان محکمۂ خارجہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ نے عمران خان کے الزامات ایک بار پھر مسترد کردیے اور کہا ہے کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم کو عہدے سے ہٹانے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکہ پرامن اور قانونی و جمہوری اصولوں کی حمایت کرتا ہے اور یہ حمایت صرف پاکستان کے لیے ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے ملکوں کے لیے ہے۔

ترجمان نے کہا ہم کسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔ ہم قانون کی بالادستی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کی حمایت کرتے ہیں۔

09:39 5.4.2022

اپوزیشن کا فوج سے اعتماد میں لینے کا مطالبہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اپوزیشن جماعتوں نے فوجی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی حکومت ہٹانے سے متعلق مبینہ بیرونی مداخلت کے معاملے پر انہیں اعتماد میں لیا جائے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مطالبہ کیا ہے کہ سفیر کے کیبل اور سیکیورٹی کے دیگر معاملات پر عسکری قیادت اپوزیشن کو اعتماد میں لے۔ عمران خان اب سیکیورٹی کی بریفنگ کے قانونی مستحق نہیں۔

اسی طرح مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ عمران خان آئین کی پیٹھ میں خنجر گھونپ کر اور آئین شکنی کے جرم کا ارتکاب کر کے نام نہاد عالمی سازش کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

​انہوں نے فوج کے ترجمان سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی سلامتی کمیٹی میں شامل عسکری قیادت سے متعلق عمران خان کے بیان پر وضاحت جاری کریں۔

اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فوج سے وضاحت طلب کی تھی وہ بتائیں کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی کو غدار قرار دیا گیا ہے۔

18:02 4.4.2022

’جب عمران خان اپوزیشن میں تھے تو کیا امریکہ کے سفیر سے ملاقاتیں نہیں کرتے تھے؟‘

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکنِ پنجاب اسمبلی علیم خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ امریکہ کے سفیر کی ملاقات کی تھی۔ جب عمران خان اپوزیشن میں تھے تو کیا وہ امریکہ اور یورپی یونین کے سفیروں سے ملاقاتیں نہیں کرتے تھے۔

پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ 2018 تک جلسوں میں عمران خان کا ساتھ دیا۔ ان کے بقول علیم خان سے زیادہ کسی نے تحریک انصاف میں قربانی دی ہے تو اس کا نام سامنے لایا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018 میں قومی اسمبلی کی نشست پر انہیں شکست ہوئی، جب کہ صوبائی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہوئے۔ اس کے فوری بعد ہی ان کو نیب کے نوٹس ملنا شروع ہو گئے تھے جب کہ انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا تھا۔

انہوں نے تحریکِ انصاف کے سربراہ اور وزیرِ اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو بھی بدعنوانی کی تھی، وہ عمران خان عوام کے سامنے لائیں۔ وہ 100 دن جیل میں رہے لیکن آج تک اس بدعنوانی پر کوئی ریفرنس نہیں بنا۔

انہوں نے وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کے حوالے سے الزام لگایا کہ پنجاب میں تین تین کروڑ روپے میں ڈپٹی کمشنر تعینات کیے جاتے تھے۔ عمران خان کو اس حوالے سے آگاہ بھی کیا تھا جب کہ ایجنسیوں نے بھی ان کو مطلع کیا لیکن کچھ اقدامات نہیں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے 183 ارکان ہیں لیکن چند نشستوں والے پرویز الہی کو وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔ ماضی میں عمران خان ان کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کو مشورہ دیا کہ عمران خان اس ملک پر رحم کریں۔ اگر انہیں قومی اسمبلی توڑنی تھی تو پہلے توڑ دیتے۔

16:30 4.4.2022

پی ٹی آئی نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیرِ اعظم کے لیے تجویز کر دیا

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کو نگران کا نام وزیرِ اعظم کے لیے تجویز کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے پیر کو سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ صدرِ مملکت کے خط کے جواب میں تحریک انصاف کور کمیٹی سے مشورے اور منظوری کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام نگران وزیرِ اعظم کے لیے تجویز کیا ہے۔

واضح رہے کہ کہ صدر عارف علوی نے حکومت اور اپوزیشن کو خط ارسال کیا تھا کہ نگران وزیر اعظم کے لیے نام تجویز کریں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG