رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

22:15 6.4.2022

پنجاب اسمبلی کو تالے لگائے جانے کے بعد اپوزیشن کا مقامی ہوٹل میں علامتی اجلاس

پنجاب اسمبلی کو تالے لگائے جانے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے اپنا علامتی اجلاس مقامی ہوٹل میں طلب کر لیا ہے۔ اپوزیشن اراکین کا دعویٰ ہے کہ آج وہ اپنی اکثریت ثابت کریں گے اور حمزہ شہباز کو وزیرِ اعلٰی منتخب کرائیں گے۔ دوسری جانب ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ آئینی طور پر اس اجلاس کی کوئی حیثیت نہیں۔ مزید تفصیلات بتا رہے ہیں وائس آف امریکہ کے نمائندے ضیاالرحمٰن اس فیس بک لائیو میں۔۔۔

22:10 6.4.2022

پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس، مسلم لیگ (ن) کا 199 اراکین کی حمایت کا دعویٰ

مسلم لیگ (ن) نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں وزارتِ اعلٰی کے اُمیدوار حمزہ شہباز کو 199 اراکین کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے 186 اراکین کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے اسمبلی کو سیل کیے جانے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی سے ملحقہ ہوٹل میں علامتی اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رُکن پنجاب اسمبلی چوہدری اقبال گجر نے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے قرارداد پیش کی۔ مسلم لیگ (ن) کے مطابق 199 اراکینِ اسمبلی نے قرارداد کی حمایت کی۔

البتہ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق اس اجلاس کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی نے بھی ایک طنزیہ ٹوئٹ میں کہا کہ فلیٹیز ہوٹل کے وزیرِ اعلیٰ منتخب ہونے پر حمزہ شہباز کو مبارکباد۔

19:29 6.4.2022

ہم اجلاس کہیں بھی بلا سکتے ہیں: ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو تالے لگے ہوئے ہیں اور اُنہیں بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا تھا کہ چھ اپریل کو ہی پنجاب میں قائدِ ایوان کا انتخاب ہو گا۔ لہذٰا اُنہوں نے بھی قانونی ماہرین سے مشاورت کی جنہوں نے کہا میں چھ اپریل کو اجلاس بلا سکتا ہوں۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی سے ملحقہ ہوٹل میں اسمبلی اجلاس بلانے کے سوال پر دوست محمد مزاری کا کہنا تھا کہ اُنہیں اس بارے میں علم نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ وزیرِ اعلٰی کے بغیر چل رہا ہے، لہذٰا قائدِ ایوان کا انتخاب فوری طور پر ہونا چاہیے۔

19:22 6.4.2022

اپوزیشن کی جانب سے نجی ہوٹل میں اجلاس بلانے پر ترجمان پنجاب اسمبلی کا بیان

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی سے ملحقہ ہوٹل میں اجلاس بلانے پر ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو ڈپٹی اسپیکر آئین کی خلاف ورزی کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جب عدم اعتماد آ چکی ہو تو ڈپٹی اسپیکر کسی اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے۔ آئینی طور پر ڈپٹی اسپیکر کسی بھی اجلاس کی صدارت کے مجاز نہیں۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG