عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے جا رہے ہیں: سینیٹر فیصل جاوید
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان جا نہیں رہے بلکہ وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہونےجا رہے ہیں-
انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ کپتان اپنی قوم کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور آخر تک مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ارکان اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد
پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہوگی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ رہے ہیں۔ مزید تفصیلات بتا رہے ہیں ہمارے نمائندے عاصم علی رانا اس فیس بک لائیو میں۔
امریکہ نے ایک بار پھر عمران خان کے الزامات مسترد کر دیے
امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے ایک بار پھر عمران خان کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
محکمۂ خارجہ کی روزانہ کی پریس بریفنگ کےد وران جب صحافی نے محکمے کی ترجمان جیلینا پورٹر سے یہ سوال کیا کہ وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی حمایت کر رہا ہے۔ اس پر ترجمان نے کہا کہ وہ دو ٹوک الفاظ میں ان الزامات کی تردید کرتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق وہ پاکستان میں بدلتی صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور امریکہ پاکستان کے آئینی طریقہ کار اور قانون کی بالادستی کا احترام اور حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عمران خان کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات میں بالکل کوئی صداقت نہیں۔
اراکینِ قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنا شروع
وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ہونے والی ووٹنگ میں حصہ لینے کے لیے اراکین پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ساڑھے دس بجے شروع ہو گا۔ اپوزیشن ارکان سمیت تحریک انصاف کے منحرف اراکین بھی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں۔