بی بی سی کی خبر جھوٹ کا پلندہ ہے: آئی ایس پی آر
فائل فوٹو
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) میں شائع ہونے والی خبر کی تردید کی ہے۔
بی بی سی نے اپنی ایک خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ ہفتے کو دو بن بلائے مہمانوں نے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جو زیادہ خوشگوار نہیں رہی تھی۔
خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ملاقات میں موجود ایک اعلیٰ عہدیدار کو عمران خان نے برطرف کرنے کا حکم جاری کیا تھا لیکن اس برطرفی اور نئی تعیناتی کے لیے وزارت دفاع سے 'نوٹیفکیشن' جاری نہیں ہوسکی۔
البتہ آئی ایس پی آر نے اس خبر مکمل بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔
اتوار کو جاری ایک بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ''اس پروپیگنڈا اسٹوری میں کوئی معتبر، مستند اور متعلقہ ذریعہ نہیں ہے اور یہ صحافت کے بنیادی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے۔''
بیان میں کہا گیا کہ یہ ''جعلی خبر'' منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ لگتی ہے۔ اس معاملے کو بی بی سی کے ساتھ اٹھایا جا رہا ہے۔
تحریکِ عدم اعتماد کامیاب: ملک لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، شاہد خاقان
پاکستان میں تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے اور وزیراعظم عمران خان کو ان کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں 174 ارکان اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ووٹ دیکر ان پر عدم اعتماد کردیا ہے۔ ہمارے نمائندے عاصم علی رانا اس وقت پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر موجود ہیں اس فیس بک لائیو کے ساتھ
قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی
چیئرمین آف پینل میں شامل سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا ہے۔
اجلاس میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
متحدہ اپوزیشن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو قائدِ ایوان کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔
فخر ہے کہ عمران خان نے حکومت کی قربانی دی لیکن کسی کی غلامی منظور نہیں کی: علی محمد خان
وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ یہ عارضی شکست ہے۔ عمران خان دو تہائی اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئیں گے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ روس صرف بہانہ ہے عمران اصل نشانہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اُنہیں فخر ہے کہ میرا لیڈر جھکا نہیں اور بکا نہیں اور آخری گیند تک ڈٹا رہا۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بہت جلد عمران خان عوام کی طاقت سے اسی کرسی پر دوبارہ براجمان ہوں گے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستان میں کچھ لوگ ایسے ہیں جو سامراج اور امریکہ کے سامنے کھڑے ہیں۔