شہباز شریف کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد نہ ہونے پر پی ٹی آئی کا اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف پیر کو قومی اسمبلی سے مستعفی ہو جائے گی۔
اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں شہباز شریف کے وزارتِ عظمی کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات جمع کرائے ہیں اگر ان پر غور نہیں کیا گیا اور انہیں مسترد نہیں کیا گیا تو تحریکِ انصاف قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہو جائے گی۔
ان کے مطابق تحریک انصاف استعفے دینے کا آغاز قومی اسمبلی سے کرنے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس دن قومی اسمبلی میں قائدِ ایوان کے لیے انتخاب ہوگا اسی دن شہباز شریف پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نئے انتخابات کے علاوہ موجودہ بحران کا کوئی حل نہیں ہے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے اتحادی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ تمام اراکین اسمبلی مستعفی ہونے جا رہے ہیں۔ ان کے بقول وہ چور ڈاکوؤں کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔
نئے قائدِ ایوان کا انتخاب: شہباز شریف اور شاہ محمود قریشی مدِ مقابل
قومی اسمبلی میں وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد نئے قائدِ ایوان کا انتخاب پیر کو ہوگا۔
قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن اور پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار نئے قائدِ ایوان کے لیے مدِ مقابل ہوں گے۔
متحدہ حزبِ اختلاف نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے کاغذاتِ نامزدگی قومی اسمبلی میں جمع کرا دیے ہیں جب کہ تحریکِ انصاف نے شاہ محمود قریشی کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔
قومی اسمبلی میں نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ پیر کو دن دو بجے ہوگی۔ پہلے ووٹنگ کے لیے دن گیارہ بجے کا وقت مقرر کیا گیا تاہم بعد میں ووٹنگ کا وقت تبدیل کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج کا شیڈول جاری
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے خلاف ملگ گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی نے اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے ملک گیر احتجاج کے مقامات اور شہروں کی تفصیلات شیئر کی ہیں اور کہا ہے کہ کس مقام پر کتنے بجے احتجاج کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو قوم سے خطاب میں اتوار کو پرامن احتجاج کی کال دی تھی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بیرونی سازش کے تحت لائی گئی ہے اور وہ کسی ''امپورٹڈ حکومت'' کو تسلیم نہیں کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا مستعفی ہونے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
ان کا یہ اعلان وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد سامنے آیا ہے۔
اتوار کو سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی گورنر کا عہدہ چھوڑ دوں گا۔ ان کے بقول جس دن شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ لیا اس روز وہ اپنا استعفیٰ بھیج دیں گے۔
شاہ فرمان کا کہنا ہے کہ وہ شہباز شریف کو وزیراعظم کا پروٹوکول نہیں دے سکتے۔