ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری مستعفی
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ٹوئٹر پر اپنے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے قاسم سوری کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملکی مفادات اور آزادی کے لیے لڑیں گے اور پاکستان کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی اسپیکر ایمان دار ہیں یا نہیں: پرویز الٰہی
پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی اسپیکر ایمان دار ہیں یا نہیں، کسی کی نیت خراب ہے تو وہ آج سامنے آ جائے گا۔
پنجاب اسمبلی میں ہفتے کو قائد ایوان کے انتخاب کے لیے بلائے جانے والے اجلاس میں شرکت کے لیے آنے والے چوہدری پرویز الہی نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری پر الزام عائد کیا کہ وہ کہیں اور سے ہدایات لے رہے ہیں۔
چوہدری پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کسٹوڈین نہیں ہیں بلکہ وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔ ان کی کوشش ہو گی کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب شفاف ہو لیکن ان کے بقول انہیں شفاف الیکشن پر شبہات ہیں۔
چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ اگر نمبر پورے نہ ہوتے تو جو اتنے دنوں سے ہو رہا ہے یہ کیسے ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پتا چلے گا کہ کون ہاؤس کا کسٹوڈین ہے اور اس کا رویہ کیا ہے۔
اسمبلی کا ماحول خراب نہیں کرنے دیں گے: ڈپٹی اسپیکر
پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کا کہنا ہے کہ اگر کوئی سمجھ رہا ہے کہ وہ اسمبلی کا ماحول خراب کر سکتا ہے تو وہ اسے ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
ہفتے کو نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے بلائے جانے والے اجلاس کے لیے پنجاب اسمبلی پہنچنے پر دوست مزاری کا کہنا تھا کہ وہ رولز کے مطابق الیکشن کرائیں گے اور اور رزلٹ سب کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ میڈیا کے شکر گزار ہیں کہ وہ مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر کے مطابق کسی بھی جماعت کے منحرف اراکین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے بعد پارٹی سربراہ کارروائی کریں گے۔
دوست مزاری نے کہا کہ انہیں اگر کسی نے پیسے دیے ہیں تو ثبوت فراہم کریں۔
تحریکِ انصاف کے 123 اراکینِ اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے: قاسم سوری
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے تحریکِ انصاف کے 123 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ یہ اراکینِ اسمبلی خودمختار پاکستان اور امریکی سازش کو ناکام بنانے کے لیے کھڑے ہو گئے جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔