کراچی میں پی ٹی آئی کا جلسہ، مسلم لیگ (ن) کی تنقید
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو کراچی جاکر جھوٹ بولنے اور غداری کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بجائے یہ بتانا تھا کہ پونے چار سال میں انہوں نے کراچی کے لیے کیا کیا ؟
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کراچی میں تحریکِ انصاف کے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر اور ملک کی معاشی شہہ رگ کے ساتھ اپنے دور اقتدار میں کیا کیا؟
سابق وزیرِ اعظم سے سوال پوچھتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کیا وہاں کے لوگوں کو پینے کا پانی دیا؟ اعلان کرکے پیکج کے پیسے روک لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مزید وقت ضائع نہ کریں۔
گورنر پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف لینے پر آئینی ماہرین سے مشاورت
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
گزشتہ روز منتخب ہونے والے حمزہ شہباز سے حلف لینے کا فیصلہ سیکریٹری پنجاب اسمبلی سے طلب کی گئی رپورٹ حاصل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی۔
گورنر پنجاب اس حوالے سے فیصلہ آئینی ماہرین اور قائدین سے مشاورت کے بعد کریں گے اور گورنر نے آئینی ماہرین سے مشاورت کے لیے دوبارہ اجلاس طلب کر لیا ہے۔
طیارہ معمول کے مطابق پرنسلے جیٹس کو دیا گیا تھا: اینگرو
اینگرو کارپوریشن کا گزشتہ روز سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے استعمال کردہ طیارے کے حوالے سے، جو کراچی میں ہونے والے جلسے کے لیے استعمال ہوا تھا، میڈیا میں چلنے والی قیاس آرائیوں کی وضاحت دیتے ہوئے کہنا ہے کہ وہ جہاز اینگرو فرٹیلائزر کی ملکیت ضرور ہے تاہم یہ طیارہ پرنسلے جیٹس کو معمول کی پریکٹس کے طور پر دیا گیا تھا۔
اینگرو کا سوشل میڈیا پوسٹ میں مزید کہنا تھا کہ اینگرو نے فلائٹ سے متعلق کوئی خرچہ برداشت نہیں کیا۔
’عمران خان کے ٹولے کی کرپشن سامنے آئی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے‘
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ٹولے کی کرپشن سامنے آئے گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں 20 ہزار سے زائد لوگ شریک نہیں تھے۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم بنانے اور عدم اعتماد لانے میں پیپلز پارٹی کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے توشہ خانے سے سستے داموں تحائف لے کر مہنگے بیچ دیے اور اگر توشہ خانے کے معاملے پر سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف علی زرداری پر کیسز بن سکتے ہیں تو عمران خان کیا آسمان سے اترے ہیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قانون کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت بیرونی فنڈنگ نہیں لے سکتی۔ ان کے بقول عمران خان، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر اور صدر نے آئین توڑا ہے۔