’ نیا وزیرِ اعظم کسی کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کسی کے خلاف مقدمات بناو‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم تشدد کی ترغیب نہیں دیں گے اور تشدد کے جواب میں تشدد نہیں کریں گے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نیا وزیرِ اعظم کسی کو فون کرکے نہیں کہتا کہ کسی کے خلاف مقدمات بناو۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی ایوان میں آنا مناسب نہیں سمجھا۔
اورنج لائن میٹرو بس کا افتتاح
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت میں پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ تک اورنج لائن میٹرو بس سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق اورنج لائن میٹرو بس سے 50 ہزار شہریوں کو یومیہ معیاری سفری سہولت میسر آئے گی۔
نواز شریف کے مبینہ ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے خلاف دائر درخواست خارج
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو مبینہ طور پر حکومت کی جانب سے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے اجرا کے خلاف دائر درخواست ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت نے کونسا آرڈر پاس کیا جس کو چیلنج کیا ہے؟
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ میڈیا پر چل رہا ہے کہ حکومت نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،اگر وقت دیا جائے تو ہم حکومت سے آرڈر حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اس درخواست کو ریپریزنٹیشن بنا کر وفاقی حکومت کو بھیج دیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اگر کوئی اشتہاری ہے تو اس سے متعلق قانون موجود ہے وہ اپنا راستہ خود بنائے گا۔ کیوں نا آپ کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست گزار وکیل پر غیر ضروری درخواست دائر کرنے کی وجہ سے پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کر کے درخواست خارج کر دی۔
گورنر پنجاب کا وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی تقریبِ حلف برداری مؤخر کرنے کا اعلان
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب کو گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے فی الحال مؤخر کر دیا ہے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اسپیکر اسمبلی اور آئینی ماہرین سے آرا مانگی گئی ہے اور تب تک حلف برداری کی تقریب کو مؤخر کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جو کچھ اسمبلی میں ہوا وہ شرم ناک ہے۔
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ معزز اراکان پارلیمنٹ پر تشدد ہوا۔ ان کے بقول حمزہ شہباز کا انتخاب متنازع ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے کل وزیرِ اعلیٰ کا انتخاب ہوا اس سے ایک غلط روایت سیٹ ہونے جا رہی ہے۔ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔
عمر سرفراز کا کہنا تھا کہ اگر حمزہ شہباز کے پاس اتنی تعداد موجود تھی تو انہیں تحمل سے کام لینا چاہیے تھا۔ حمزہ شہباز کا انتخاب ان کے گھر کے لوگوں نے متنازع بنایا۔