کیا ہر احتجاج پر پورا ملک بند کر دیا جائے گا؟ جسٹس اعجاز الاحسن
سپریم کورٹ آف پاکستان نے لانگ مارچ کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد کو مناسب جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے سیکریٹری داخلہ اور پولیس کو راستے بند کرنے سے متعلق پر فوری نظرثانی کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت سے متعلق مزید بتا رہے ہیں اسلام آباد سے ہمارے نمائندے عاصم علی رانا اس فیس بک لائیو میں۔
لاہور میں پولیس اور تحریکِ انصاف کے کارکنوں میں تصادم، بتی چوک میدان جنگ بن گیا
تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ روکنے کے لیے پولیس نے لاہور کے داخلی اور خارجی راستے بند کر رکھے ہیں۔ بدھ کی صبح لاہور سے براستہ شاہدرہ اسلام آباد جانے کی کوشش کے دوران پولیس اور تحریکِ انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ پولیس نے لاٹھی چارج کے علاوہ شیلنگ بھی کی ہے جس کے باعث علاقہ میدانِ جنگ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ لاہور کے ایوانِ عدل کے باہر بھی وکلا اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
پولیس نے دریائے راوی کے پل پر کنٹینر لگا رکھے ہیں جس کی وجہ سے لاہور سے باہر جانے کا راستہ مکمل طور پر بند ہے۔ تاہم تحریکِ انصاف کے کارکن رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران تحریکِ انصاف کے بعض کارکنوں کی گرفتاریوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
''پولیس کانسٹیبل کی ہلاکت، 'کمال نے ڈیوٹی پر جاتے ہوئے کہا تھا کہ پتا نہیں کب واپسی ہو گی'
جب کمال رات کے 12بجے ڈیوٹی پر جا رہے تھے تو میں نے ان سے پوچھا کہ واپس کب آئیں گے تو انہوں نے کہا کہ پتا نہیں کہ کل صبح واپس آتا ہوں یا رات کو۔ جب میں پہلے یہ پوچھتی تھی کہ کب واپس آئیں گے تو وہ کہتے تھے کہ ایک یا دو گھنٹوں میں، لیکن اس بار انہوں نے کہا کہ پتا نہیں کہ کل صبح آتا ہوں یا شام کو۔''
یہ کہنا ہےکانسٹیبل کمال احمد کی اہلیہ رابعہ کا جو منگل کی شام اپنے خاوند کی تدفین کی بعد اپنے بچوں کو سنبھال کر نڈھال بیٹھی تھیں۔ کانسٹیبل کمال پیر اور منگل کی درمیانی شب تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کے خلاف پولیس چھاپے کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔
کمال احمد کی ہلاکت پر پولیس کی مدعیت میں درج کردہ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن کے بلاک سی کے ایک گھر کی گھنٹی بجائی گئی ، جس پر ساجد حسین اور ان کے بیٹے عکرمہ بخاری باہر آئے۔ انہیں بتایا گیا کہ پولیس بسلسلہ کرایہ داری سرچ آپریشن کر رہی ہے جس کے جواب میں باپ اور بیٹا دونوں طیش میں آگئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے لگے۔
ایف آئی آر کے مطابق ساجد حسین نے اپنے بیٹے عکرمہ بخاری کو للکارا اور کہا کہ پولیس پر سیدھی فائرنگ کرو۔ جس پر عکرمہ نے جان سے مارنے کی نیت سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں گھر سے باہر کھڑے کانسٹیبل کمال احمد کے سینے پر دائیں جانب گولی لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اگر فوج اقتدار میں آنا چاہتی تو حکومت چھوڑنے پر تیار ہیں: خورشیدہ شاہ
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے مطالبے پر قبل از وقت انتخابات نہیں ہوں گے، اگر فوج اقتدار میں آنا چاہتی ہے تو بلا رکاوٹ حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں۔ تحریکِ انصاف کے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے حوالے سے خورشید شاہ نے کہا کہ اگر قتل و غارت ہوئی تو مقدمہ عمران خان کے خلاف درج کیا جائے گا۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر خورشید شاہ کا انٹرویو دیکھیے وائس آف امریکہ کے علی فرقان کے ساتھ