حکومت کا آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
فواد چوہدری کے مطابق سپریم کورٹ سے رائے مانگی جائے گی کہ جب ایک جماعت کے ارکان واضح طور پر ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہوں اور پیسوں کے بدلے وفاداریاں تبدیل کریں تو ان کے ووٹ کی قانونی حیثیت کیا ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی اس ریفرنس کو روزانہ کی بنیاد پر سن کر فیصلہ سنایا جائے۔
سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز پر فیصلہ نہیں ہوا: شیخ رشید
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی ان کی تجویز پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین سے اپیل کی کہ وہ واپس آ جائیں ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اہم ترین سیاسی دور سے گزر رہا ہے جس میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز راولپنڈی سے لاہور منتقل
پاکستان میں حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن کی جانب سے مارچ کے آخری ہفتے میں جلسوں کے اعلانات کے بعد ملک کی سیاست میں گرما گرمی عروج پر ہے۔ اس صورتِ حال میں حکومت نے کرکٹ میچز راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز اور واحد ٹی ٹوئنٹی میچ اب راولپنڈی کے بجائے لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی صورتِ حال کے باعث کرکٹ میچز لاہور منتقل کیے جا رہے ہیں۔
تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ کرکٹ وینیو تبدیل ہونے سے میچز کی تاریخوں پر بھی کوئی فرق پڑے گا یا نہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچز 29 مارچ، 31 مارچ اور دو اپریل کو شیڈول تھے جب کہ واحد ٹی ٹوئنٹی پانچ اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جانا تھا۔
شفاف الیکشن مسائل کا حل ہے: امیرِ جماعت اسلامی
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سسیاسی جماعتیں تصادم کی راہ نہ اپنائیں کیوں کہ اس سے آئین اور جمہوریت ہی کا نقصان ہوتا ہے۔
سراج الحق نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ نظام نہیں چل رہا تو انتخابی اصلاحات کے ساتھ انتخابات کا راستہ اختیار کر کے عوام سے نئے مینڈیٹ کے لیے رجوع کیا جائے۔ ان کے بقول شفاف انتخابات مسائل کا حل ہے۔