'ہمت ہے تو سندھ میں گورنر راج لگا کے دکھاؤ'
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھائیں۔
جمعے کو اپنی ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ گورنر راج کل نہیں آج لگاؤ، ہم سب اسلام آباد آ کر آپ کو اس کا جواب دیں گے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو ایک بیان میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ سندھ ہاؤس میں ہونے والی اُن کے بقول ہارس ٹریڈنگ کے بعد اُنہوں نے وزیرِ اعظم سے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیں۔
تحریکِ انصاف کے منحرف اراکینِ اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کریں گے: شاہ محمود قریشی
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف میں کوئی مائنس ون نہیں ہے۔ عمران خان پارٹی کے بانی چیئرمین ہیں اور وہی پارٹی کی قیادت کرتے رہیں گے۔
وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اسد عمر کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اُنہیں یقین ہے کہ اتحادی حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے منحرف اراکینِ اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔
اُں کا کہنا تھا کہ چوہدری برادران سے اُنہیں بہتر سیاسی فیصلے کی توقع ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف سندھ میں گورنر راج لگانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی اور نہ ہی تحریکِ عدم اعتماد کے دن کسی رُکن کا راستہ روکا جائے گا۔
شیخ رشید کا سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے کارکنوں کو گرفتار کرنے کا حکم
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس میں ہنگامہ آرائی افسوس ناک ہے۔ آئی جی پولیس سے کہا ہے کہ دھاوا بولنے والوں کو گرفتار کیا جائے۔
نجی نیوز چینل 'جیو' سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث اراکینِ قومی اسمبلی عطااللہ نیازی اور فہیم خان کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صورتِ حال خراب ہو رہی ہے اور اُنہیں یہ توقع نہیں تھی کہ 27 مارچ سے قبل ہی اسلام آباد میں ایسا ہو گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں قیامِ امن یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو غیر قانونی کام نہیں کرنے دیں گے۔
تحریکِ انصاف کے کارکنوں کا سندھ ہاؤس پر دھاوا، اسلام آباد میں کیا ہو رہا ہے؟
اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی ہے۔ سندھ ہاؤس میں اپوزیشن اور حکمران جماعت کے منحرف اراکینِ اسمبلی موجود ہیں۔ اسلام آباد پولیس کی ایک بڑی تعداد بھی موقع پر موجود ہے اور صورتِ حال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سندھ ہاؤس کے باہر کیا ہو رہا ہے؟ جانیے سارہ حسن سے اس فیس بک لائیو میں۔