رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

19:03 18.3.2022

عدمِ اعتماد کی پہلی تحریک ہے جس میں نہ کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ کوئی بیچ رہا ہے: چوہدری شجاعت

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ یہ عدمِ اعتماد کی پہلی تحریک ہے جس میں نہ تو کوئی ووٹ خرید رہا ہے اور نہ ہی کوئی بیچ رہا ہے۔

لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آج کل ٹی وی اور اخباروں میں آ رہا ہے کہ نوٹوں کی بوریاں کھل گئی ہیں۔ حتیٰ کہ وزیرِاعظم نے بھی سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں کھلنے کا ذکر کیا ہے۔

اُن کے بقول حکومت تو ہمیشہ جلسے جلوس روکنے کی کوشش کرتی ہے، یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک ہی ایشو پر جلسہ کر رہے ہیں۔

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر اپیل ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اپنے جلسے جلوسوں کا پروگرام ملتوی کر دیں۔ ان جلسے جلوسوں میں اگر کوئی مر گیا یا مروا دیا گیا تو سب پچھتائیں گے۔

12:52 19.3.2022

حکومت کا ترین گروپ سے رابطہ

وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے حکومت بھی سرگرم ہے۔

اتحادیوں کو منانے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے ناراض رہنماؤں کو منانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

مقامی ذراع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنما عون چوہدری سے رابطہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پرویز خٹک نے ترین گروپ سے درخواست کی ہے کہ وہ تحریکِ عدم اعتماد کے دوران کوئی انتہائی قدم نہ اُٹھائیں۔

عون چوہدری نے پرویز خٹک سے رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اہم فیصلے روک لیں جلد آپ کو پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔


12:56 19.3.2022

اسلام آباد میں ممکنہ تصادم روکنے کے لیے درخواست سماعت کے لیے مقرر

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے تحریکِ عدم اعتماد اور سیاسی جماعتوں کے جلسوں اور لانگ مارچ کے پیشِ نظر اسلام آباد میں ممکنہ تصادم روکنے کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

چیف جسٹس نے آئی جی اسلام آباد اور اٹارنی جنرل آف پاکستان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

جمعے کو تحریکِ انصاف کے ناراض کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا تھا، جہاں حکمراں جماعت کے منحرف اراکین مقیم ہیں۔

مشتعل کارکنوں نے سندھ ہاؤس کا دروازہ توڑ دیا تھا اور ہنگامہ آرائی کی تھی جس پر پولیس نے تحریکِ انصاف کے دو اراکینِ قومی اسمبلی سمیت درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) نے 23 مارچ کے بعد اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ جب کہ حکمراں جماعت نے 27 مارچ کو ڈی چوک پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

13:00 19.3.2022

تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس پھر طلب، گورنر راج لگانے کی سمری مسترد

پاکستان میں تیزی سے بدلتی سیاسی صورتِ حال کے پیشِ نظر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس وزیرِ اعظم ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے گا۔

دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی جانب سے سندھ میں گورنر ہاؤس لگانے کی سمری مسترد کر دی ہے۔

ادھر اپوزیشن جماعتوں نے بھی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اہم اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف، مولانا فضل الرحمٰن، آصف علی زرداری سمیت دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہوں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG