اپنی قوم کو کبھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا: عمران خان
عمران خان نے پریڈ گراؤنڈ جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ جو انسان کے سامنے جھکتا ہے اس کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ ماضی کے حکمران سپر پاور کے سامنے جھکتے رہے اور فارن فنڈنگ لے کر لوگوں پر ڈرون حملے کراتے رہے۔
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ وہ اپنی قوم کو کبھی کسی کے سامنے جھکنے نہیں دیں گے۔
حکومت کے خلاف بیرونِ ملک سے سازش ہو رہی ہے: عمران خان کا دعویٰ
وزیرِ اعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت تبدیل کرنے کے لیے بیرونِ ملک سے پیسے آ رہے ہیں اور اس عمل میں ہمارے لوگ استعمال ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول زیادہ تر انجانے میں لیکن کچھ جان بوجھ کر یہ پیسہ ہمارے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ "بیرونی سازش کی بہت سے باتیں مناسب وقت پر سامنے لاؤں گا۔ ہمارے پاس جو ثبوت ہیں ہر چیز کو ظاہر کر رہا ہوں۔ میرے پاس ایک خط ہے جس کے بارے میں آف دی ریکارڈ بتاؤں گا۔"
عمران خان نے کہا " ہمیں پتا ہے کہ کن کن جگہوں سے ہم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے ملک کے مفاد میں ہمیں تحریری دھمکی دی گئی۔ لیکن ہم ملک کے مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔"
انہوں نے کہا کہ آج قوم کے سامنے عوام کی آزادی کا مقدمہ رکھ رہا ہوں۔ قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ لندن میں بیٹھا شخص کس کے ساتھ ملتا ہے اور پاکستان میں بیٹھے ہوئے کردار کس کے کہنے پر چل رہے ہیں۔
نواز لیگ کے رہنماؤں کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق
مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں نے حکومتی اتحادی مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
چوہدری شجاعت کی رہاش گاہ پر ہونے والی اس ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب پیر کو وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر قومی اسمبلی اجلاس میں بحث کا آغاز ہونے جارہا ہے۔
مسلم لیگ ق کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں تحریک عدم اعتماد، موجودہ ملکی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان آئندہ لائحہ عمل کے بارے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور دیگر رہنما موجود تھے جب کہ مسلم لیگ ن کے وفد میں رانا تنویر، سردار ایاز صادق، خواجہ محمد آصف، رانا ثناء اللہ خان اور خواجہ سعد رفیق شامل تھے۔
اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جلسہ گاہ پہنچ گئے
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جلسہ گاہ پہنچ گئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن سری نگر ہائے وے پر موجود اپنے کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے کے ساتھ متصل جلسہ گاہ میں جمیعت علمائے اسلام ف کے کارکن گزشتہ شب سے موجود ہیں۔
حکمران جماعت تحریک انصاف کے پریڈ گراؤنڈ جلسے کے باعث اسلام آباد کی انتظامیہ نے حزب اختلاف کو سری نگر ہائی وے پر جلسے کی جگہ کی اجازت دی تھی۔
دوسری طرف مسلم لیگ ن کا لانگ مارچ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں گوجرانوالہ سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگیا ہے۔
لاہور سے شروع ہونے والا مارچ پیر کی شام اسلام آباد میں داخل ہوگا اور سری نگر ہائی وے پر حزب اختلاف کے جلسے کے مقام پر پہنچے گا۔