رسائی کے لنکس

Shehbaz Sharif
Shehbaz Sharif

کسی کو ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں، الیکشن کب ہوں گے یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے: شہباز شریف

15:50 1.4.2022

وزیرِ اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہفتے کو طلب

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پنجاب کے وزیرِ اعلٰی سردار عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے جس کے بعد نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وزیرِ اعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار نے جمعے کو گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔

قانون کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِ اعلٰی پنجاب نے استعفے کی تصدیق کی جس کے بعد گورنر پنجاب نے استعفے پر دستخط کر کے نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

سردار عثمان بزدار نے چند روز قبل اس وقت اپنا استعفیٰ گورنر پنجاب کو بھجوا دیا تھا جب وزیرِ اعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب کی وزارتِ اعلٰی کے لیے نامزد کر دیا تھا۔

16:54 1.4.2022

اتوار کو عمران خان کے سیاسی ڈرامے کا اختتام ہو جائے گا: شہباز شریف

قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ اگر تین ہفتے قبل عمران خان کو غیر ملکی سازش کا علم ہو گیا تھا تو اس وقت واویلا کیوں نہیں کیا۔ خط سات مارچ کو ملا اور اُنہوں نے 27 مارچ کو اس سے متعلق آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے انتظامیہ اور پولیس کو خطوط لکھ دیے ہیں کہ اتوار کو تحریکِ عدم اعتماد کے دوران ووٹنگ کو پرامن بنانے کے انتظامات کیے جائیں۔ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں امن قائم نہ کیا گیا تو وزیرِ داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور اسلام آباد انتظامیہ کو ذمے دار ٹھہرائیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان 'جھرلو' کے ذریعے آئے، لیکن ہم نے آئین کا راستہ اپناتے ہوئے اُنہیں گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اب عمران خان کو شکست صاف نظر آ رہی ہے تو وہ غیر ملکی سازش اور مذہب کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پتا چلا ہے کہ اچانک پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر اُمیدواروں سے کہا جا رہا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جائیں۔ یہ سراسر دھاندلی ہے، لہذٰا اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کر کے اس پر لائحہ عمل طے کریں گے۔

18:16 1.4.2022

آئینی عمل میں مداخلت کی سزا آرٹیکل چھ ہے: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین میں واضح ہے کہ آئینی عمل میں مداخلت پر آرٹیکل چھ لگ سکتا ہے جس کی سزا سب جانتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی تاخیری حربے استعمال کرنے کے بجائے تحریکِ عدم اعتماد پر آئینی عمل کو آگے بڑھائیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے وزیرِ اعظم کے خلاف جمہوری طریقہ اپنایا، لیکن عمران خان کہتے ہیں کہ نہ کھیلوں گا نہ کھیلنے دُوں گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دھمکی آمیز خط سے متعلق پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی میں آنے کی دعوت نہیں دی گئی تھی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ انتخابی اصلاحات کے بعد فوری طور پر عام انتخابات ہوں۔

پنجاب میں وزیرِ اعلٰی کے اُمیدوار کی نامزدگی کے معاملے پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتیں یہ فیصلہ مشاورت سے کریں گی۔

19:06 1.4.2022

وزیرِ اعظم نے مجھے وزارتِ قانون کا بھی قلمدان دے دیا ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اُنہیں وزارتِ قانون کا بھی اضافی قلمدان دے دیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بطور وزیرِ قانون وہ تحریکِ انصاف کے منحرف اراکین کے خلاف کارروائی بھی آگے بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے تعلق رکھنے والے وزیرِ قانون فروغ نسیم نے اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کے پارٹی فیصلے کے بعد وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈمی وزیرِ اعظم بننے کا جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ چکنا چور ہو گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ قوم کو پتا چلنا چاہیے کہ بیرونی سازش اور باہر کے پیسے سے لوگوں کے ضمیر خرید کر وزیرِ اعظم بننے والے کو عوام کی حمایت حاصل نہیں ہوتی۔

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ملک میں کٹھ پتلیوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG