پنجاب اسمبلی اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا
پنجاب میں اگلے وزیراعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر بعد شروع ہوگا، جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے استعفے کے بعد ایوان کے نئے قائد کے انتخاب کے عمل کا آغاز ہوگا۔
پاکستان تحریک انصاف کے حکومتی اتحاد کے امیدوار پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی ہیں جب کہ حزبِ اختلاف میں شامل جماعتوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔
ہفتے کو ہونے والے اجلاس سے متعلق سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کا کہنا ہے کہ آج کوئی خاص کارروائی نہیں ہوگی بلکہ اسپیکر صرف شیڈول جاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے آج ووٹنگ نہیں ہو گی، یہ اسپیکر کا اختیار ہے کہ وہ اتوار کو ووٹنگ کرواتے ہیں یا پیر کو۔
قوم اطمینان رکھے، یہ بازی عمران خان جیتے گا: فیصل جاوید
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ قوم اطمینان رکھے، یہ بازی عمران خان ہی جیتے گا۔
سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ''قوم اطمینان رکھے، آپ عمران خان کو سب سے زیادہ عزیز ہیں، اللہ کی مدد سے اس قوم کی امید کبھی نہیں ٹوٹے گی۔''
انہوں نے کہا کہ ''یہ بازی کپتان ہی جیتے گا، فیصلہ کن گھڑی قریب ہے۔''
مسئلہ وزارتِ اعلیٰ کا حصول نہیں کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہے: حمزہ شہباز
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں پیپلزپارٹی، جہانگیر ترین گروپ اور آزاد ارکان کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔
لاہور میں ہفتے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ وزارتِ اعلیٰ کا حصول نہیں بلکہ کرپٹ حکومت کا خاتمہ ہے۔
حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ علیم اور ترین گروپ سمیت تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نمبر گیم پورا ہے اور ان کے پاس میڈیا کے تصور سے زیادہ ووٹ ہیں۔
وزیر قانون کی مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کی ہدایت
وفاقی وزیرِاطلاعات و قانون فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ کمیشن مبینہ عالمی سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد جیسے دیگر عوامل کا جائزہ لے گا۔
اس کے علاوہ کمیشن مبینہ عالمی سازش کی تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔