ایلون مسک کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ٹوئٹر‘ کو خریدنے کے بعد بھارتی نژاد چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پراگ اگروال کو عہدے سے ہٹائے جانے کی صورت میں چار کروڑ 20 لاکھ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔
ٹیکنالوجی اور ڈیٹا سے متعلق تحقیق کرنے والے امریکی ادارے ’ایکولر‘ کے مطابق سوشل میڈیا کمپنی ’ٹوئٹر‘ کی ملکیت تبدیل ہونے کے بعد پراگ اگروال کو آئندہ 12 ماہ میں عہدے سے ہٹائے جانے پر یہ خطیر معاوضہ ادا کرنا ہو گا۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے پیر کو ایک معاہدے کے تحت ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالرز میں خرید لیا ہے جس کے بعد 2013 سے پبلک کمپنی کے طور پر کام کرنے والی ٹوئٹر اب نجی کمپنی بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ انہیں ٹوئٹر کی انتظامیہ پر اعتماد نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق تحقیقی ادارے ’ایکولر‘ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ٹوئٹر کے سی ای او پراگ اگروال کی تنخواہ اور دیگر مراعات کو تخمینہ لگا کر اس رقم کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
’رائٹرز‘ کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے پراگ اگروال کے حوالےسے ’ایکولر‘ کے تخمینے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔
پراگ اگروال چھ ماہ قبل ہی نومبر 2021 میں ٹوئٹر کے سی ای او مقرر کیے گئے تھے۔ اس سے قبل وہ کمپنی میں چیف ٹیکنالوجی آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
بھارتی اخبار 'انڈیا ٹو ڈے' کے مطابق بھارت سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ پراگ اگروال ممبئی ہی میں پلے بڑھے اور وہاں کےانسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد مزید تعلیم کے لیے امریکہ منتقل ہوئے تھے اور یہیں کے ہی ہو کر رہ گئے۔
پراگ اگروال امریکہ کی صف اول کی درس گاہ اسٹینفرڈ یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنسز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔
پراگ اگروال 2011 میں ٹوئٹر سے منسلک ہوئے جب کمپنی کی افرادی قوت محض ایک ہزار تھی۔ سال 2017 میں پراگ ٹوئٹر کے چیف ٹیکنیکل آفیسر مقرر کیے گئے تھے۔
ان کے سی ای او بننے پر ان کا شمار طاقت ور بھارتی نژاد امریکیوں میں کیا جانے لگا، جو امریکہ میں صف اول کی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان میں گوگل کے سربراہ سندر پچائی، مائیکروسافٹ کے ستیا نرائن اور آئی بی ایم کے اروند کرشنا بھی شامل ہیں۔
نومبر 2021 میں جب ٹوئٹر کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جیک ڈورسی اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے تھے تو انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹوئٹر کے نئے سی ای او کے طور پر وہ پراگ اگروال کے حوالے سے پر اعتماد ہیں۔ انہوں نے 10 برس کے دوران ادارے کے لیے قابل قدر کام کیا۔
مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کی بنیاد 45 سالہ ڈورسی نے 2006 میں رکھی تھی۔ وہ 2008 تک اس ادارے کے سی ای او رہے۔ بعد ازاں وہ سال 2015 میں ایک بار پھر اس اعلیٰ ترین عہدے پر فائز ہوئے اور 2021 تک اس کمپنی کی قیادت کی۔