رسائی کے لنکس

لال سنگھ چڈھا: عامر خان کی فلم شائقین کو خوش نہ کر سکی، سنیما میں 70 فی صد تک شوز منسوخ


بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان کی فلم 'لال سنگھ چڈھا' ریلیز سے قبل ہی تنازع کا شکار تھی جب کہ فلم سنیما گھروں کی زینت بننے کے بعد بھی شائقین کو اپنی طرف مائل نہ کر سکی۔

گیارہ اگست کو ریلیز ہونے والی فلم 'لال سنگھ چڈھا' کو بھارت کے یومِ آزادی کے ویک اینڈ سے بھی کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا۔

بھارتی نیوز چینل 'انڈیا ٹی وی' نے باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لال سنگھ چڈھا نے چھ روز کے دوران 46 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔

'باکس آفس انڈیا' کے مطابق 'لال سنگھ چڈھا' نے پانچ روز کے دوران عامر خان کی ہی فلم 'ٹھگس آف ہندوستان' کے پہلے روز کے بزنس سے بھی کم کمائی کی۔

عامر خان نے 'لال سنگھ چڈھا' کے لیے ہالی وڈ فلم 'فاریسٹ گمپ'کے باقاعدہ کاپی رائٹس لیے تھے۔فلم میں عامر خان کے ساتھ اداکارہ کرینہ کپور خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

ہالی وڈ فلم 'فاریسٹ گمپ' کا آفیشل ری میک 'لال سنگھ چڈھا' کا بجٹ 180 کروڑ بھارتی روپے تھا۔ فلم کی کہانی امریکی ناول نگار ایریک نوتھ کی اسی کتاب پر مبنی ہے جس پر ہدایت کار رابرٹ زیمیکس نے تقریباً تین دہائیوں قبل فلم بنائی تھی۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'دی انڈین ایکسپریس' کے مطابق سنیما گھروں میں 'لال سنگھ چڈھا' دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدنے والوں کی تعداد میں 85 فی صد کمی ہوئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ 'بالی وڈ ہنگامہ' کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منگل کو سنیما گھروں میں 'لال سنگھ چڈھا'کے تقریباً 70 فی صد شوز منسوخ ہوئے ہیں۔

لال سنگھ چڈھا متنازع کیوں بنی؟

عامر خان فلم 'لال سنگھ چڈھا' کے ذریعے چار برس بعد بڑی اسکرین پر نظر آئے ہیں لیکن اس فلم کی ریلیز سے قبل ہی انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا۔

سن 2015 میں عامر خان نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ حالیہ واقعات کو دیکھتے ہوئے انہیں بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت پر تشویش ہے اور اسی وجہ سے ان کی بیوی کرن راؤ نے انہیں بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل ہونے کی تجویز دی تھی۔"

وہ اس سے قبل بھی سن 2002 میں بھارتی صوبے گجرات میں ہونے والے فسادات اور ہلاکتوں کا ذمے دار اس وقت کے وزیر اعلیٰ اور موجودہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹھہرا چکے ہیں جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر انہیں 'اینٹی ہندو' اور 'اینٹی نیشنل' کے القابات سے بھی نوازا گیا۔

اس کے علاوہ 'لال سنگھ چڈھا' اور فلم 'پی کے' میں عامر خان کے کرداروں کی مماثلت کی وجہ سے بھی انہیں تنقید کا سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG