سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹوئٹر’ نے ہفتے کو ’ایپل‘ کی ایپ اسٹور میں اپنی ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کی ہے، جس کے بعد حال ہی میں ٹوئٹر خریدنے والے ایلون مسک کی کی گئی تبدیلیوں کی روشنی میں ٹوئٹر نے بلو ٹِک کے حامل تصدیقی اکاؤنٹس کے صارفین سے آٹھ ڈالر ماہانہ چارج کرنے شروع کر دیے ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق یہ تبدیلی ایلون مسک کے سوشل میڈیا کمپنی کا چارج سنبھالنے کے ایک ہفتے بعد کی گئی ہے جو انہوں نے 44 ارب ڈالر میں خریدی ہے۔
ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص اور الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او بھی ہیں۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ٹوئٹر کے لگ بھگ نصف اسٹاف کو نوکریوں سے فارغ کیا ہے۔
ٹوئٹر کی پالیسیوں میں تبدیلی پر جہاں ان کو تنقید کا سامنا ہے وہیں وہ یہ اعلان بھی کر چکے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کے صارفین کو مزید بھی چارج کریں گے۔
ایپل کے ایپ اسٹور پر ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ جو صارفین 7 اعشاریہ 99 ڈالر ادا کریں گے وہ بلو ٹِک حاصل کر سکیں گے، بالکل اسی طرح جیسے معروف شخصیات، کمپنیاں اور سیاست دان اس بلو ٹک کے مالک ہیں۔
ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے سے قبل بلو ٹِک صرف ان صارفین کے ناموں کے آگے آتا تھا جن کے اکاؤنٹس کی تصدیق ٹوئٹر نے کی ہوتی تھی۔
اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ٹوئٹر ادائیگی کرنے والے صارفین کی بھی تصدیق کرے گا یا نہیں۔
ایپل کے نوٹیفکیشن کے مطابق اپ ڈیٹ پر صارفین کو اشتہاروں کے بغیر اور لمبے دورانیے کی ویڈیوز پوسٹ کرنے جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
ٹوئٹر اپ ڈیٹ کے مطابق نئی سروس امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ میں دستیاب ہے۔
ایلون مسک کا ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جن ممالک میں یہ نئی سروس شروع کی گئی ہے، وہاں جونہی اس کی تصدیق ہو جائے گی تو دیگر ممالک میں بھی یہ سروس شروع کی جائے گی۔
مسک کا ایک صارف کو ٹوئٹر پر جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بلو ٹِک بھارت میں ممکنہ طور پر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں شروع ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز تک بلو ٹِک اپ ڈیٹ 4 اعشاریہ99 کی قیمت پر دستیاب تھا۔