رسائی کے لنکس

طالبان پاکستان کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد گروپوں کو روکیں: گوتریس


سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس، فائل فوٹو
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس، فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نےپیر کے روز ایک نیوز کانفرنس میں افغانستان اور پاکستان کے بارے میں سوالات کے جواب دیے۔ پاکستان پر ٹی ٹی پی کے حملوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نےکہا کہ عالمی برادری کا افغانستان سے ایک واضح مطالبہ ہے کہ وہ ان دہشت گرد گروپوں کی سرگرمیوں کو روکیں جو افغانستان کے پڑوسی ممالک خاص طور پر پاکستان کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم طالبان حکام کے ساتھ بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ طالبان کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ ایسی کسی بھی قسم کی دہشت گردا سرگرمی کی اجازت نہ دیں جس کا اثر پاکستان اور خطے کے کسی دوسرے ملک پر ہو۔

سیکرٹری جنرل گوتریس نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان کی حمایت کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں۔ میں سیلاب آنے کے فوراً بعد پاکستان گیا تھا۔

میں نے وہاں دیکھا کہ میرے اپنے ملک کے رقبے سےتین گنا سے زیادہ علاقہ سیلاب کا شکارہے۔فصلوں، جانوروں،گھروں اور زندگیوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کی آبادی کو تباہ کن صور ت حال کا سامنا ہے۔ اور میں سمجھتا ہوں کہ عالمی برادری کی ایک بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کی مدد کرے کیونکہ ماحولیاتی تبدیلیوں میں اس ملک کا کردار بہت ہی کم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کی یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ 9 جنوری کو پیرس میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل گوتریس نے عالمی برادری سے طالبان کے وعدوں کے حوالے سے کہا کہ طالبان کو اقتدار کے ڈھانچے میں ملک کے مختلف نسلی گروہوں کو شامل کرنے میں پیش رفت کرنی چاہیے اور تمام نسلی گروہوں کو نمائندگی دینی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے حوالے سے ضروری ہے کہ طالبان خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا احترام کریں، خواتین کو کام کرنے کا حق اور لڑکیوں کو ہر سطح پر تعلیم حاصل کرنے کا حق دیں۔

(مارگریٹ بشیر، وی او اے نیوز)

XS
SM
MD
LG