رسائی کے لنکس

عمران خان کا 'جیل بھرو تحریک' شروع کرنے کا اعلان


پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے 'جیل بھرو تحریک' شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ہفتے کو ویڈیو لنک کے ذریعےخطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کارکن جیل بھرو تحریک کی تیاری شروع کر دیں، جیسے ہی میں سگنل دوں، باہر نکلیں۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی ساری جیلوں کو بھر دیں گے، تاکہ 'ان' کا شوق پورا ہو جائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اُن کے پاس احتجاج اور ملک گیر پہیہ جام کا آپشن بھی موجود تھا، لیکن ملکی معیشت کے پیشِ نظر یہ فیصلہ نہیں کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کارکنوں کے علاوہ عوام سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ "جیل بھرو تحریک' میں حصہ لیں۔

سابق وزیرِاعظم کے بقول موجودہ حکومت الیکشن کی تاریخ دینے سے گریزاں ہے جب کہ نگران حکومتیں بھی جانب داری کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ گرفتاریوں کے ذریعے تحریکِ انصاف کو کمزور کر کے الیکشن میں جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی وہ سگنل دیں، کارکن گرفتاریاں دینے کے لیے باہر نکل آئے۔

خان صاحب کو شاید کسی نے جیل بھرو تحریک کا غلط مطلب بتایا ہے: عطا تارڑ

عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کے اعلان پر ردِعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کو شاید کسی نے جیل بھرو تحریک کا غلط مطلب بتایا ہے۔

ایک ٹوئٹ میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایسی تحریک چلنے پر تمام زیرِ سماعت اور زیرِ التوا مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں واپس لی جاتی ہیں۔

اُنہوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا عمران خان فارن فنڈنگ کیس، سائفر کیس اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت کی درخواستیں واپس لیں گے؟

جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، شیخ رشید کو اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کے مزید پانچ روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اُنہیں اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔

شیخ رشید کو ہفتے کو جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے مسترد کر دیا گیا۔

شیخ رشید پر سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے خلاف متنازع بیانات دینے پر اسلام آباد، کراچی اور مری میں مقدمات درج ہیں۔

XS
SM
MD
LG