پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کی معیشت مسلم لیگ (ن) ٹھیک نہیں کر سکتی تو کوئی جماعت بھی نہیں کر سکتی۔ملک کی معیشت ٹھیک ہونے میں کئی برس لگیں گے۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان سے کسی نے پوچھا کہ نواز شریف کب واپس آئیں گے تو انہوں نے اسی شخص سے استفسار کیا کہ ان کو بار بار باہر جانا کیوں پڑتا ہے؟
سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں عمران خان کو نہیں بٹھانا چاہیے تھا؟
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ کے ججوں کے خلاف تحریک چلا رہی ہے۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی آڈیولیکس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیپیں ان کی آ رہی ہیں اور تحریک مسلم لیگ چلا رہی ہے؟
شاہد خاقان عباسی بھی کنونشن میں شریک
سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ جن حالات میں حکومت میں آئی، اس کا اندازہ سب کو ہے۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے اختلافات رکھتے ہیں جب کہ ان کو مریم نواز کو پارٹی میں آرگنائزر کا عہدہ دینے پر بھی تحفظات ہیں۔ البتہ وہ ورکرز کنونشن میں موجود تھے اور انہوں نے کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔ اس دوران کنونشن میں شاہد خاقان عباسی زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئندہ چاہے صوبائی الیکشن ہوں یا قومی اسمبلی کے، مسلم لیگ نواز کامیاب ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری محنت کرنی ہے، اگلے انتخابات میں صحیح امیدواروں کو ٹکٹیں دینی ہے۔
پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک
تحریکِ انصاف نے جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کا آغاز تین دن بعد 22 فروری سے لاہور سے ہو گا۔
اتوار کو پی ٹی آئی کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ جیل بھرو تحریک کا یکم مارچ تک شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق یکم مارچ کو فیصل آباد میں گرفتاریاں دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ملک میں عام انتخابات منعقد کرانے کا مطالبہ کررہے ہیں جب کہ موجودہ حکومت اسے تسلیم نہیں کر رہی، ایسے میں پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو گرفتاریوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد عمران خان نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا۔
‘گرفتاری دینے والا پہلا شخص ہوں گا'
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر عمران خان چاہیں تو وہ گرفتاری دینے والے پہلے شخص ہوں گے۔
عمران خان سے لاہور میں ملاقات کے بعد شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حتمی پلان کا اعلان جلد کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے صدر کے مشاورتی اجلاس کی دعوت مسترد کر دی
الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ کے لیے صدر مملکت کی مشاورت کی دعوت کو مسترد کر دیا ہے۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی طرف سے صدر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کا معاملہ مختلف عدالتی فورمز پر زیر التوا ہے، الیکشن کمیشن ابھی صدارتی آفس سے مشاورت کے عمل میں داخل نہیں ہو سکتا۔
الیکشن کمیشن اس سے متعلق فیصلہ پیر کو اجلاس میں کرے گا۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری سے آگاہ ہے، گورنر خیبر پختونخوا اور پنجاب نے ابھی تک عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
متن کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ سے رہنمائی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے سلسلے میں 20 فروری کو ایک ہنگامی اجلاس کے لیے مدعو کیا تھا۔