رسائی کے لنکس

امریکہ کا تین روسی اور چار امریکی شہریوں پر انتخابات پر اثر انداز ہونے کا الزام


امریکی محکمۂ انصاف (فائل فوٹو)
امریکی محکمۂ انصاف (فائل فوٹو)

امریکہ کے محکمۂ انصاف نے تین روسی ایجنٹوں اور چار امریکی شہریوں پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ان افراد نے روسی حکومت کی ایما پر امریکہ میں کئی برس تک انتخابی مہمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے۔

ریاست فلوریڈا کے شہر ٹامپا میں وفاقی گرینڈ جیوری نے منگل کو الزام لگایا ہے کہ روسی وفاقی سیکیورٹی سروس کے ایجنٹس نے امریکہ میں سیاسی گروہوں کو بھرتی کیا، انہیں فنڈز دیے اور ہدایات دیں کہ وہ ماسکو کے غیر رجسٹرڈ ایجنٹس کے طور پر کام کریں اور ملک میں روس نواز پراپیگنڈے کو عام کریں۔

اس فرد جرم میں الزام لگایا گیا ہے کہ روسی انٹیلی جنس کے ایجنٹوں نے امریکہ میں ایک مقامی آفس کی انتخابی مہمات کو خفیہ طور پر فنڈ کیا ہے۔

الزامات کے تحت تین روسی ایجنٹوں نے فلوریڈا کے علاقے سینٹ پیٹرز برگ میں 2019 میں ایک نامعلوم امیدوار کی انتخابی مہم چلائی۔ اس مہم کے کام کو 2020 کے صدارتی انتخابات میں بھی استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

محکمۂ انصاف کے قومی سلامتی کے ڈویژن کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل میتھیو اولسن نے ایک بیان میں کہا کہ "روسی فارن انٹیلی جنس سروس نے مبینہ طور پر پہلی آئینی ترمیم کا ناجائز فائدہ اٹھایا، ایسی آزادیاں جس سے روس اپنے شہریوں کو محروم رکھتا ہے، تاکہ امریکی عوام کو تقسیم کیا جاسکے اور ملک کے انتخابات میں مداخلت کی جا سکے۔"

امریکہ کی پہلی آئینی ترمیم شہریوں کو تقریر کی مکمل آزادی فراہم کرتی ہے۔

فرد جرم میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان میں سے ایک، ماسکو کے رہائشی الیگزینڈر وکٹورووچ آئینوو نے ایک تنظیم 'اینٹی گلوبلائیزیشن موومنٹ آف رشیا' قائم کی جسے روسی حکومت کی جانب سے فنڈ کیا گیا۔

امریکہ کا الزام ہے کہ روسی گروپ نے دو اور ایجنٹوں کی نگرانی میں امریکہ میں انتخابات پر مضر طور پر اثر انداز ہونے کی مہم چلائی۔

آئیونوو نامی روسی شخص نے مبینہ طور پر امریکہ میں سیاسی گروہوں کے ممبران کو بھرتی کیا جن میں افریقن پیپلز سوشلسٹ پارٹی اور 'اوہورو موومنٹ ان فلوریڈا' شامل ہیں۔

چار امریکی شہری جن پر فرد جرم عائد کی گئی ان میں اومالی یسیٹیلا، پینی جوانا ہیس، جیسی نیویل اور اوگسٹس سی رومین جونئیر شامل ہیں۔ ان تمام افراد کا تعلق ان مذکورہ دو گروہوں سے تھا۔

محکمۂ انصاف نے کہا ہےکہ آئیونوو کے امریکیوں پر اثرانداز ہونے کے آپریشن کی ایک خصوصی توجہ یہ دکھانا تھا کہ امریکہ میں روس کی جانب سے یوکرین کے علاقوں پر قبضہ عوام میں مقبول ہے۔

XS
SM
MD
LG