پاکستان کی فلم انڈسٹری کرونا وبا کے بعد سے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ گزشتہ برس 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ ' کی کامیابی سے بہت سنیما کو بڑا سہارا ملا تھا لیکن اس کے بعد آنے والی کوئی بھی فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی۔
ہدایت کار ندیم بیگ کی 'جوانی پھر نہیں آنی' سیریز ہو یا نبیل قریشی کی 'نامعلوم افراد' فرانچائز اگر ہم پاکستان کی ٹاپ ٹین سب سے کامیاب فلموں کی بات کریں تو آدھی سے زیادہ فلمیں عید الالضحٰی کے موقع پر ریلیز ہوئی ہیں۔
اب رواں برس عید الاضحٰی پر چھ اردو فلمیں ریلیز ہونے جا رہی ہیں جس کے بارے میں فلم ساز پُر امید ہیں کہ یہ فلمیں ایک بار پھر سنیما گھروں کی رونقیں بحال کرنے میں کامیاب ثابت ہوں گی۔
تو چلیں عیدالاضحیٰ پر سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلموں کے بارے میں جانتے ہیں۔
مداری
ہدایت کار سراج السالکین کی پولیٹکل تھرلر'مداری'بھی اس عید پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ اس فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو سیاست میں سرگرم اپنے باپ کی موت کے بعد اور حالات کی ستم ظریفی سے تنگ آکر منفی سرگرمیوں میں ملوث ہوجاتا ہے۔
فلم میں مرکزی کردار عباد عالم شیرادا کررہے ہیں جب کہ دیگر اداکاروں میں حماد صدیق، عامر نقوی اور پارس مسرور شامل ہیں۔ فلم کی کہانی علی رضوی اور سراج السالکین نے تحریر کی ہے جب کہ اسے پروڈیوس بھی ان ہی دونوں نے کیا ہے۔
'مداری' اس لیے اہم ہوگی کیوں کہ اسے چھوٹے بجٹ پر بنایا گیا ہے اور اس میں کراچی کے تھیٹر سرکٹ کے کئی اداکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اگر یہ فلم کامیاب ہوجاتی ہے تو اس سے انڈی پینڈنٹ فلم میکرز کو سامنے آنے کا موقع مل سکے گا۔
اللہ یار اینڈ دی ہنڈریڈ فلاورز آف گاڈ
اس عید پر شائقین کو ہدایت کار عزیر ظہیر خان کی تھری ڈی اینی میٹڈ فلم 'اللہ یار اینڈ دی ہنڈریڈ فلاورز آف گاڈ' کا بے صبری سے انتظار ہے۔ یہ فلم پانچ سال قبل ریلیز ہونے والی فلم 'اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور' کا سیکوئل ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ریلیز ہونے والی پہلی تھری ڈی فلم بھی ہو گی۔
فلم کی کہانی اللہ یار نامی ایک لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو اپنے والد کو بچانے کے لیے ایک دوسری دنیا کا رخ کرتا ہے۔
پاکستان میں اس سے قبل متعدد اینی میٹڈ فلمیں تو بنی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ اینی میٹڈ یا لائیو ایکشن فلم کو تھری ڈی میں پیش کیا جارہا ہے۔
اس فلم میں اداکار ہمایوں سعید، بشریٰ انصاری، اقراء عزیز، علی ظفر اور نادیہ جمیل کے ساتھ ساتھ اظفر جعفری اور انعم زیدی نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
تیری میری کہانیاں
ہدایت کار ندیم بیگ اور نبیل قریشی اس بار اپنی علیحدہ علیحدہ فلموں کے ساتھ نہیں آرہے بلکہ دونوں 'تیری میری کہانیاں' جیسی ایک تجرباتی فلم کا حصہ ہوں گے جس میں تین کہانیاں ایک ساتھ پیش کی جائیں گی۔
اس فلم میں مقبول اداکار وہاج علی کے ساتھ ساتھ مہوش حیات، زاہد احمد اور آمنہ الیاس نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ حرا اور ان کے شوہر مانی، شہریار منور اور رمشا خان بھی اس فلم کا حصہ ہیں۔
'تیری میری کہانیاں' کی ایک کہانی 'پسوری' واسع چوہدری نے لکھی ہے جسے مرینہ خان نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ ایک کہانی 'ایک سو تئیسواں ' خلیل الرحمان قمر نے تحریر کی ہے جس کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جب کہ 'جن محل' کو علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھا ہے اور نبیل قریشی اس کے ہدایات کار ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب پاکستان میں ایک ہی فلم میں تین مختلف کہانیوں کو ایک ساتھ پیش کیا گیا ہو۔ اس سے قبل وحید مراد اور ندیم کی ریلیز ہونے والی پہلی فلم 'چاند سورج' میں آج سے 53 سال قبل کچھ ایسا ہی تجربہ کیا گیا تھا جو کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔
وی آئی پی
ہدایت کار نبیل قریشی کے ساتھ متعدد فلموں میں سنیماٹوگرافی کرنے والے رانا کامران 'وی آئی پی' نامی فلم سے ہدایت کاری کی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں۔ اس فلم میں جہاں انہوں نے احتشام الدین، سلیم معراج، سیفی حسن، عرفان موتی والا اور اکبر الاسلام جیسے اداکاروں کو کاسٹ کیا ہے وہیں زیک اور نمرا جیسے دو نئے اداکار بھی متعارف کروا رہے ہیں۔
فلم کی کہانی ہالی وڈ کی مشہور فلم 'ہیڈ آف اسٹیٹ' سے مشابہت رکھتی ہے جس میں ایک عام انسان کو ملک کا صدر اس لیے بنایا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے سہولت کاروں کی مدد کرسکے۔ اس فلم میں زیک کو ملک کا صدر تو نہیں البتہ میئر بنایا جاتا ہے لیکن غلط کام کو قریب سے دیکھ کر وہ اپنے سہولت کاروں کے ہی خلاف ہو جاتا ہے۔
'وی آئی پی' کی ہدایات رانا کامران نے دی ہیں جب کہ انہوں نے فلم کا اسکرپٹ ثاقب ظفر کے ساتھ تحریر کیا ہے۔ فلم کے ٹریلر میں ایکٹر ان لا، نامعلوم افراد اور لوڈ ویڈنگ کی جھلک نظر تو آتی ہے لیکن ہیرو کی جگہ کسی بڑے اداکار کی غیر موجودگی اس فلم کا سب سے منفی پہلو ثابت ہوسکتی ہے۔
بے بی لشس
ہدایت کار عیسیٰ خان کی رومینٹک کامیڈی فلم 'بے بی لشس' بھی بالآخر اس عید پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔ فلم میں مرکزی کردار سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری ادا کررہے ہیں۔
فلم کی کہانی اور ہدایت کاری عیسیٰ خان کی ہے جو ماضی میں ٹی وی پر اداکاری کرنے کے ساتھ ساتھ اشتہارات بھی بناچکے ہیں۔ ان کے بقول اس بریک اپ فلم میں ہونے والے واقعات اصل ہیں اور یہ نوجوان سنیمابینوں کو ذہن میں رکھ کر بنائی گئی ہے۔
فلم کی کاسٹ میں سائرہ اور شہروز کے علاوہ اداکارہ انیتا کیمفر، عامر قریشی، عادی امجد،سبینہ سید، شہزین راحت، عدنان جعفر، لیلیٰ واسطی اور مانی شامل ہیں۔ فلم کی عمدہ آرٹ ڈائریکشن اسے دوسروں سے منفرد بناتی ہے۔
آر پار
فلم 'آر پار' کی کہانی مشہود قادری نے لکھی ہے جب کہ ہدایات سلیم داد نے دی ہیں۔
فلم کی کہانی بظاہر عورت کی خود مختاری کے گرد گھومتی ہے ۔ اس میں سسب سے حیران کن بات معمر رانا کا گیٹ اپ ہے جنہیں پہلی نظر میں لوگ پہچان نہیں پائیں گے۔
فلم کی کاسٹ میں معمر رانا کے ساتھ ساتھ شامل خان، ارم اختر، احمد حسن، پلوشہ خان اور مصنف مشہود قادری شامل ہیں جب کہ معمر رانا کی بیٹی رائنا بھی اس فلم کے ذریعے شوبز کی دنیا میں قدم رکھیں گی۔