رسائی کے لنکس

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کے خلاف خاور مانیکا نے عدالت سے رجوع کر لیا


سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کے خلاف شکایت درج کرا دی ہے۔

خاور مانیکا نے ہفتے کو سول جج قدرت اللہ کی عدالت میں شکایت کے ساتھ اپنا بیان بھی قلم بند کرا دیا ہے۔ انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کو سزا دی جائے۔

خاور مانیکا کی درخواست ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب جمعے کو ہی محمد حنیف نامی شہری نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس میں اپنی درخواست واپس لی تھی۔

ہفتے کو خاور مانیکا نے دائر درخواست میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی کاپی اور چار گواہوں کی فہرست بھی منسلک کی ہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ بشریٰ اور عمران کو عدالت میں طلب کیا جائے۔

واضح رہے کہ عمران خان پر الزام ہے کہ انہوں نے بشریٰ بی بی سے عدت میں نکاح کیا تھا۔ اس حوالے سے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں زیر سماعت ایک مقدمے کے دوران نکاح خواں مفتی سعید نے اپنے بیانِ حلفی میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے یکم جنوری 2018 کو عمران خان کا نکاح پڑھوایا تھا۔

مفتی سعید نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان نے فروری 2018 میں ان سے دوبارہ رابطہ کیا اور بتایا کہ نومبر 2017 میں بشریٰ بی بی کو طلاق ہوئی تھی اور پہلے نکاح کے وقت بشریٰ کی عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہوا تھا۔

خاور مانیکا نے اپنی درخواست میں عمران خان اور بشریٰ کا نکاح پڑھوانے والے مفتی سعید، عون چوہدری اور محمد لطیف کو گواہوں میں شامل کیا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ عمران خان سے بشریٰ بی بی کی بہن کے ذریعے دھرنے کے دوران رابطہ ہوا تھا جس کے بعد چیئرمین تحریکِ انصاف نے ان کی شادی شدہ زندگی میں مداخلت شروع کردی تھی۔

درخواست گزار کے بقول، "میں نے عمران خان کو باعزت طریقے سے اپنی فیملی سے دور کرنے کی کوشش کی مگر ان کی مسلسل مداخلت جاری رہی اور پیری مریدی کا سہارا لے کر وہ ان کی ذاتی زندگی اور گھر میں داخل ہوئے۔"

عدالت نے خاور مانیکا کا بیان قلم بند کرنے کے بعد درخواست پر سماعت 28 نومبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ سینئر صحافی عمر چیمہ نےجنوری 2018 میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی خبر دی تھی۔تاہم پی ٹی آئی نے اس خبر کی تردید کر دی تھی۔ بعدازاں فروری 2018 میں پی ٹی آئی کی جانب سے نکاح کی خبر جاری کی گئی۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 27 ستمبر 2018 کو بشریٰ بی بی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں عدت ختم ہونے سے قبل عمران خان سے شادی کرنے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ پہلی شادی کی طلاق ہونے کے بعد ناصرف انہوں نے عدت پوری کی بلکہ سات ماہ بعد تحریک انصاف کے سربراہ سے نکاح کیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG