رسائی کے لنکس

عمران خان نے بتایا بشریٰ بی بی سے پہلا نکاح غیر شرعی تھا: مفتی سعید کا عدالت میں دعویٰ


نکاح خواں مفتی محمد سعید احمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے انہیں بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی سے نکاح کرنے پر پیش گوئی تھی کہ وہ وزیرِ اعظم بن جائیں گے۔ اس لیے عدت کی مدت کا معاملہ جاننے کے باوجود انہوں نے بشریٰ بی بی سے نکاح کیا۔

چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے کیس میں مفتی سعید نے عدالت کے روبرو بدھ کو اپنا بیان قلم بند کراتے ہوئے بیانِ حلفی جمع کرا دیا ہے۔

اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے سینئر جج نصر من اللہ نے بدھ کو درخواست گزار محمد حنیف کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت کے روبرو مفتی سعید نے اپنا بیان قلم بند کراتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یکم جنوری 2018 کو ان سے فون پر رابطہ کیا اور درخواست کی کہ ان کا بشریٰ بی بی سے نکاح پڑھوا دیا جائے اور اس مقصد کے لیے لاہور جانا ہے۔

مفتی سعید کے مطابق عمران خان کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات تھے اور وہ تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کے رکن بھی تھے۔

مفتی سعید نے عدالت کو بتایا کہ " عمران خان مجھے اپنے ساتھ لاہور کے علاقے ڈیفنس کی کوٹھی میں لے گئے جہاں بشریٰ بی بی کے ساتھ ایک خاتون نے خود کو بشریٰ کی بہن ظاہر کیا۔

نکاح خواں کے مطابق انہوں نے خاتون سے پوچھا کہ بشریٰ بی بی کا نکاح شرعی طور پر ہو سکتا ہے جس پر خاتون نے بتایا کہ نکاح کی تمام شرعی شرائط مکمل ہیں۔

مفتی سعید نے اپنے بیان میں کہا کہ یکم جنوری 2018 کو خاتون کی یقین دہانی پر انہوں نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھا دیا جس کے بعد وہ دونوں اسلام آباد میں ساتھ رہنے لگے۔

مفتی سعید کے مطابق عمران خان نے فروری 2018 میں ان سے دوبارہ رابطہ کیا اور درخواست کی کہ بشریٰ بی بی سے ان کا دوبارہ نکاح پڑھانا ہے۔

مفتی سعید کے بقول، "عمران خان نے انہیں بتایا کہ نومبر 2017 میں بشریٰ بی بی کو طلاق ہوئی تھی اور پہلے نکاح کے وقت بشریٰ کی عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہوا تھا۔

عدالت کے روبرو اپنا بیان قلم بند کراتے ہوئے مفتی سعید نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے انہیں بتایا کہ بشریٰ بی بی سے نکاح کرنے پر پیش گوئی تھی کہ وہ وزیراعظم بن جائیں گے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 27 ستمبر 2018 کو بشریٰ بی بی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں عدت ختم ہونے سے قبل عمران خان سے شادی کرنے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ پہلی شادی کی طلاق ہونے کے بعد ناصرف انہوں نے عدت پوری کی بلکہ سات ماہ بعد تحریک انصاف کے سربراہ سے نکاح کیا تھا۔

سینئر صحافی عمر چیمہ نے جب عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کی خبر دی تھی تو پی ٹی آئی کی طرف سے اس کی تردید کی گئی تھی۔ بعدازاں فروری 2018 میں پی ٹی آئی کی جانب سے نکاح کی خبر جاری کی گئی۔

مفتی سعید کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سب جانتے ہوئے بھی نکاح اور شادی کی تقریب منعقد کی تھی۔

مفتی سعید نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ کیس کے درخواست گزار محمد حنیف چوتھے روزے کو تراویح کے بعد ان کے پاس آئے اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی سے متعلق پوچھا۔

مفتی سعید کے مطابق محمد حنیف کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں۔

عدالت نے مفتی سعید کا بیان قلمبند کرنے کے بعد عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے کیس کی سماعت 19 اپریل تک ملتوی کر دی۔

XS
SM
MD
LG