رسائی کے لنکس

حزب اللہ کے اسرائیل پر ڈرون حملے، آواز سے تیزرفتار اسرائیلی طیاروں کے تہلکہ خیز شور سے بیروت لرز اٹھا


 6 اگست 2024 کو اسرائیلی سیکیوریٹی اہل کار حزب اللہ کے ڈرون حملے کے مقام کا جائزہ لے رہے ہیں۔
6 اگست 2024 کو اسرائیلی سیکیوریٹی اہل کار حزب اللہ کے ڈرون حملے کے مقام کا جائزہ لے رہے ہیں۔

  • اسرائیلی جنگی طیاروں کی بیروت کی فضا پر اچانک نچلی پروازوں سے پیدا ہونے والے تہلکہ خیز شور سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
  • یہ حزب اللہ کےسربراہ کے خطاب سے چند منٹ قبل ہوا جو اسرائیل کے ہاتھوں ایک سینئر کمانڈر کی ہلاکت کے سات روزہ سوگ کے موقع پر ہورہا تھا۔
  • اسرائیلی فوج کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
  • شمالی اسرائیل میں ایکر کے قریب دو فوجی مقامات پر متعدد حملہ آور ڈرونز سے حملہ کیا اور ایک دوسرے مقام پر اسرائیلی فوجی گاڑی پر بھی حملہ کیا:حزب اللہ

منگل کے روز آواز سے تیز رفتار اسرائیلی جنگی طیاروں کی بیروت پر اچانک نچلی پروازوں سے پیدا ہونے والے تہلکہ خیز شور سے لبنان کی حزب اللہ کے سربراہ کے خطاب سے چند منٹ قبل شہر بھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دارالحکومت کے جنوبی مضافات میں، جو حزب اللہ کا ایک مضبوط گڑھ ہے، لبنانی مسلح گروپ کے ارکان اور حامی اسرائیل کے ہاتھوں ایک سینئیرفوجی کمانڈر کی ہلاکت کے سات روزہ سوگ کے موقع پر اپنے لیڈر کی ٹیلی وژن پر نشرہونے والی ایک تقریر سننے کے لیے اکٹھے ہوئے تھے ۔

لبنانی لیڈر سید حسن نصر اللہ نے اپنی تقریر شروع کرتے ہوئے کہا کہ اس تہلکہ خیز فضائی شور کا مقصد سوگ کے لیے جمع ہونے والوں کو مشتعل کرنا ہے۔

کمانڈر شکر جس حملے میں ہلاک ہوئے تھے وہ دوسری بار تھاجب اسرائیل نے غزہ جنگ کے متوازی طور حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان دس ماہ سے جاری جھڑپوں کے دوران جنوبی مضافاتی علاقوں پر حملہ کیا تھا۔

طیاروں کا انتہائی شدید شور سن کر رہائشیوں نے تیزی سے اپنی کھڑکیوں کو کھولا تاکہ ان کے ان کے شیشوں کو ٹوٹنے سے بچا سکیں یا وہ فضا میں اڑتے ہوئے طیاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے اپنی بالکونیوں میں کھڑے ہو گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

حزب اللہ کے ڈرونز حملے

حزب اللہ نے منگل کے روز کہا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں ایکر کے قریب دو فوجی مقامات پر متعدد حملہ آور ڈرونز سے حملہ کیا اور ایک دوسرے مقام پر اسرائیلی فوجی گاڑی پر بھی حملہ کیا۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان سے آنے والے متعدد دشمن ڈرونز کی نشاندہی ہوئی اور ایک کو راستے ہی میں روک لیا گیا۔

اسرائیلی طبی حکام نے بتایا کہ ساحلی شہر نہاریہ کے جنوب میں واقع سات افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

خطے میں جنگ کے خطرات پر اسرائیلی عوام اور اپوزیشن کا ردعمل
please wait

No media source currently available

0:00 0:06:26 0:00

اسرائیلی فوج نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ چوٹیں ایک انٹرسیپٹر کی وجہ سے لگیں جس کانشانہ چوک گیا تھا اورروہ زمین سے ٹکرا گیا تھا جس کےنتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔ فوج کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

رائٹرز کے صحافیوں نے نہاریہ کے باہر ایک مرکزی سڑک پر بس اسٹاپ کے قریب ایک متاثرہ مقام کو دیکھا ۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ ایکر کے ارد گرد سائرن کی آوازیں سنائی دیں لیکن وہ غلط الارم نکلے ۔ فوج نے کہاکہ اس کی ائیر فورس نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی دو تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

ان خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے کہ حزب اللہ کی طرف سے شکر کے قتل کا بدلہ لینے اور گزشتہ ہفتے تہران میں فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے سربراہ کے قتل پر ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے عزائم کے بعد مشرق وسطیٰ ایک مکمل جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔

حزب اللہ کے ایک ذریعے نے رائٹرز کو بتایا کہ، "کمانڈر فواد شکر کے قتل کا جواب ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔"

طبی ماہرین اور سکیورٹی کے ایک ذریعے نے بتایا کہ منگل کے صبح ،سرحد کے شمال میں تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر لبنانی قصبے میفدون میں ایک گھر پر حملے میں حزب اللہ کے چھے جنگجو مارے گئے۔

اس رپورٹ کا مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG