افغان وزارت داخلہ کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ہفتہ کی صبح مشرقی افغانستان میں ہونے والے ایک خودکش بم حملے میں نیٹو کے پانچ اہلکاروں سمیت نو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔
جلال آباد کے ایک فوجی اڈے پر ہونے والی یہ کارروائی کرنے والے حملہ آور کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس نے افغان فوج کی وردی پہن رکھی تھی۔ ہلاک ہونے والوں میں چار افغان فوجی جبکہ زخمیوں میں چار مترجم شامل ہیں۔
طالبان نے اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
جمعہ کو افغان صوبے قندھار میں ایک خودکش بم دھماکے میں صوبائی پولیس کے سربراہ ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس وردی میں ملبوس بمبار نے قندھار پولیس کے سربراہ کے دفتر میں گھس کر دھماکا کیا۔ اس حملے میں دو دیگر پولیس افسرہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔