رسائی کے لنکس

افغانستان: خاتون حکومتی عہدیدار قتل


افغانستان: خاتون حکومتی عہدیدار قتل
افغانستان: خاتون حکومتی عہدیدار قتل

افغان حکام نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ایک خاتون اہلکار کو منگل کی صبح قندھار میں واقع ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے۔

سرکاری ترجمان کے مطابق ربیعہ سادات پر نامعلوم حملہ آور نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے گھر سے نکل کر گاڑی کی طرف جارہی تھیں۔

مقتول خاتون اہلکار قندھار صوبہ میں افغان حکومت کی جانب سے جاری معاشرتی فلاح کے پروگرام سے منسلک تھیں۔ تاحال کسی گروپ نے ان کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جبکہ حکام بھی اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں کہ خاتون کو کیوں نشانہ بنایا گیا۔

قتل کی تازہ واردات جنوبی صوبہ قندھار میں واقع بین الاقوامی افواج کے ایک مرکز کے باہر موجود گودام پر مسلح افراد کے حملے کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جس میں چار سیکیورٹی گارڈ مارے گئے تھے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان زلمے ایوبی کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے مسلح شدت پسندوں نے پیر کو ہالینڈ کے ادارے 'سپریم گروپ' کے زیرِانتظام گودام پر حملہ کردیا تھا جہاں سے عالمی افواج کو ایندھن فراہم کیا جاتا تھا۔

شدت پسندوں کی جانب سے گزشتہ کچھ ہفتوں سے قندھار میں کئی اعلیٰ سطح کے حملے اور کارروائیاں کی گئی ہیں ۔ گزشتہ ماہ ایک خود کش حملہ آور نے، جس نے بارودی مواد اپنی پگڑی میں چھپا رکھا تھا، قندھار شہر کے میئر کو ہلاک کردیا تھا۔ جبکہ اس سے قبل صدر حامد کرزئی کے سوتیلے بھائی احمد ولی کرزئی کو ان کے ایک قابلِ اعتماد محافظ نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔

XS
SM
MD
LG