رسائی کے لنکس

’الجزیرہ‘ غیر ملکی ایجنٹ کے طور پر کام جاری رکھ سکتا ہے: ٹیڈ پو


کانگریس مین ٹیڈ پو
کانگریس مین ٹیڈ پو

ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ریپبلیکن پارٹی کے رُکن امریکی ایوانِ نمائندگان، ٹیڈ پو نے کہا ہے کہ الجزیرہ ’’دنیا بھر میں دہشت گرد سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے‘‘۔

’الحرہ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، اُنھوں نے کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے ’الجزہرہ‘ امریکی قانون کے مطابق، دستاویزات میں اپنی شناخت ’’غیر ملکی ایجنٹ‘‘ کے طور پر درج کرائے۔

ایک سوال کے جواب میں، ایوانِ نمائندگان کے رُکن نے کہا کہ امریکی محکمہٴ انصاف سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے آیا اِس ٹیلی ویژن چینل کو ’فارین ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ‘ کے تحت امریکہ میں اپنے آپ کو رجسٹر کرانا ہوگا، جیسا کہ روسی ٹیلی ویژن کے لیے لازم ہے۔

ٹیڈ پو نے کہا کہ ’’الجزیرہ دنیا بھر میں دہشت گرد سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے، بنیادی طور پر دہشت گردی اور مختلف دہشت گرد گروپوں کی تعریف میں ملوث ہو کر‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ اُس کے مراسم کو مدنظر رکھتے ہوئے، ’الجزیرہ‘ کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔

ٹیڈ پو نے مزید کہا کہ محکمہ انصاف پہلے ہی بتا چکا ہے کہ روسی ٹیلی ویژن کو ’غیر ملکی ایجنٹ‘ کے طور پر اپنے آپ کو رجسٹر کرنا ہوگا۔ بقول اُن کے، ’’ہم سمجھتے ہیں کہ یہی بات الجزیرہ پر بھی لاگو ہوتی ہے‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ اِس ضمن میں اٹارنی جنرل، سیشنز کے جواب کا انتظار ہے۔

یہ معلوم کرنے پر کہ اس طرح کی رجسٹریشن سے کیا فرق پڑے گا، ایوان نمائندگان کے رُکن نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ’الجزیرہ‘ ’’غیر ملکی ایجنٹ کے طور پر پروپیگنڈا کرتا ہے، اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی جگہ دہشت گرد گروپوں کو بڑھاوا دے کر امریکیوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتا ہے۔ جس کی پاداش میں چینل کو نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہنا ہوگا، یہی مناسب اقدام ہوگا‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’امریکیوں کو جاننا چاہیئے کہ الجزیرہ دہشت گرد سرگرمیوں کا حامی ہے، جو بات نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر کے لیے نقصان دہ ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم اُنھیں بتا دیں کہ ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ ’الجزیرہ‘ دنیا بھر میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے، جو قابل سزا جرم ہے‘‘۔

ٹیڈ پو نے کہا کہ ’الجزیرہ‘ کام جاری رکھ سکتا ہے، ’’لیکن بطور غیر ملکی ایجنٹ کے‘‘۔

XS
SM
MD
LG