کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے سری لنکا نے بھی اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے قبل بدھ کو میزبان انگلینڈ کی جانب سے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے لیستھ ملنگا کے بجائے ڈیموتھ کرونارتنے کو ٹیم کی قیادت سونپی ہے۔
ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں ملندا سری وردانا، جیون مینڈس، نوان پردیپ، انجیلو میتھیوز، کشال پریرا، لہیرو تھرمانے، تھسارا پریرا، اوشکا فرننڈو، کشال مینڈس، دھنن جیہ ڈی سلوا، لیستھ ملنگا، جیفری ویندرسے، ایسورو یودانا اور سرنگا لکمل کے نام شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم کے چیف سلیکٹر اسانتھا ڈی میل نے حال ہی میں اعتراف کیا تھا کہ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بالنگ کے شعبے میں بھی ٹیم کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو ایسے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کو متحد رکھ سکیں۔
سانتھا نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ملنگا کو کپتانی سے ہٹائے جانے کی وجہ یہ ہے کہ ان کے دوسرے کھلاڑیوں سے اختلافات تھے جس کے سبب انہیں بدلنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ورنہ ان کے بقول ملنگا کی ذاتی کارکردگی قابل ستائش ہے۔
سری لنکا کا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے یکم جون کو ہو گا۔ سری لنکن ٹیم 1996ء کا ورلڈ کپ جیت کر عالمی چیمپئن رہ چکی ہے۔
انگلینڈ کا 15 رکنی اسکواڈ
سری لنکا سے قبل بدھ کو انگلینڈ نے بھی اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس کی کپتانی ایون مورگن کو سونپی گئی ہے۔
انگلش اسکواڈ میں ایون مورگن کے علاوہ معین علی، جونی بیرسٹو، جوز بٹلر، ٹام کرن، جوئے ڈینلے، الیکس ہیلز، لیام پلنکیٹ، عادل رشید، جوئے روٹ، جیسن روئے، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولے، کرس ووکس اور مارکس ووڈ شامل ہیں۔
یہ وہی اسکواڈ ہے جس نے گزشتہ سیریز میں حصہ لیا تھا۔ اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا۔