رسائی کے لنکس

سعودی عرب میں قونصلیٹ کے باہر فائرنگ سے کسی امریکی کو نقصان نہیں پہنچا: امریکی محکمۂ خارجہ


جدہ میں واقع امریکی قونصلیٹ کی عمارت جس کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
جدہ میں واقع امریکی قونصلیٹ کی عمارت جس کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

سعودی عرب میں امریکی قونصلیٹ کے باہر فائرنگ کے تبادلے پر امریکہ کے محکمۂ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس واقعہ میں کسی امریکی کو نقصان نہیں پہنچا ۔

سعودی عرب میں بدھ کو امریکی قونصلیٹ کے باہر ایک مسلح شخص اور سعودی سیکیورٹی اہل کاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں ایک مسلح شخص اور دوسرا قونصلیٹ کا نیپالی گارڈ تھا۔

مکّہ ریجن کی پولیس کے ترجمان نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص نے جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے باہر گاڑی روکی اور اسلحہ لے کر گاڑی سے باہر نکلا۔ سیکیورٹی اہل کاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں وہ شخص ہلاک ہو گیا۔

سعودی عرب کی سیکیورٹی اہلکارامریکی قونصلیٹ کے باہر گشت کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کی سیکیورٹی اہلکارامریکی قونصلیٹ کے باہر گشت کر رہے ہیں۔

فائرنگ سے قونصلیٹ کا ایک گارڈ بھی زخمی ہوا جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔ مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے واقعہ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سفارت خانہ اور قونصلیٹ سعودی حکام سے رابطے میں ہیں جو واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں امریکی قونصلیٹ پر متعدد بار حملے ہو چکے ہیں۔ سن 2016 میں قونصلیٹ کے نزدیک دھماکے میں ایک خود کش بمبار ہلاک اور دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔

سن 2004 میں پانچ افراد نے بم اور بندوقوں کے ساتھ قونصلیٹ پر دھاوا بول دیا تھا جس میں چار سعودی سیکیورٹی اہل کار اور پانچ مقامی ملازم ہلاک ہوگئے تھے۔ حملہ آوروں میں سے تین کو ہلاک اور دو کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG