رسائی کے لنکس

دہلی الیکشن: عام آدمی پارٹی کو بی جے پی پر واضح برتری


ابتدائی نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے 55 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل کر لی ہے جب کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 10 نشستوں پر آگے ہے۔ (فائل فوٹو)
ابتدائی نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے 55 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل کر لی ہے جب کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 10 نشستوں پر آگے ہے۔ (فائل فوٹو)

بھارت میں نئی دہلی کی قانون سازی اسمبلی کے لیے گزشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات کے نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی ایک بار پھر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کی اسمبلی کی 70 نشستوں پر ووٹنگ کے نتائج کے اعلان کا سلسلہ جاری ہے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے 55 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل کر لی ہے جب کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 10 نشستوں پر آگے ہے۔ دہلی میں حکومت سازی کے لیے 36 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

اب تک کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس سمیت کسی اور جماعت کو دہلی اسمبلی میں کوئی نشست ملنے کا امکان نہیں ہے۔

سرکاری طور پر حتمی نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔ البتہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک سامنے آنے والے نتائج سے لگ رہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کو 57 جب کہ بی جے پی کو 13 نشستیں مل سکتی ہیں۔

اس سے قبل 2015 میں ہونے والے انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی کی 67 نشستیں حاصل کر کے دارالحکومت اور اس سے متصل علاقوں میں اپنی حکومت بنائی تھی۔ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کو صرف تین نشتیں ملی تھیں۔

سینئر تجزیہ کار انجم نعیم نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے بی جے پی کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انجم کے بقول بی جے پی کے فرقہ ورانہ ایجنڈے کو قبول نہیں کیا۔ اگر قبول کیا گیا ہوتا تو بی جے پی کے لیے اتنے برے نتائج سامنے نہ آتے۔

ان کے مطابق بہار اور بنگال میں بھی ریاستی انتخابات ہونے والے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہاں بھی صاف ستھری سیاست کی جیت ہو گی۔

نئی دہلی انتخابات میں واضح دکھائی دینے والی کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی کے اروند کیجری وال تیسری بار دہلی کے وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

یاد رہے کہ دہلی میں آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات کے لیے بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے خلاف کافی جارحانہ انتخابی مہم چلائی تھی اور وزیرِ داخلہ امِت شاہ سمیت پارٹی کے دیگر اہم رہنماؤں نے دہلی آ کر جلسوں سے خطاب کیا تھا۔

بی جے پی کی مرکزی حکومت نے دہلی الیکشن سے عین قبل ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے 15 رکنی کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔ مبصرین اور حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے اس اعلان کو دہلی سے ووٹ حاصل کرنے کی حکمتِ عملی قرار دیا تھا۔

دوسری جانب عام آدمی پارٹی اور وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال دہلی میں سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے جب کہ سستی بجلی اور پانی فراہم کرنے کو اپنی اہم کامیابی گردانتے ہیں۔

اروند کیجری وال اپنی انتخابی مہم کے دوران وفاقی حکومت سے دہلی کو مزید اختیارات دینے کا بھی مطالبہ کرتے رہے ہیں جس میں پولیس کو مرکز کے بجائے ریاستی حکومت کے ماتحت کرنے کا مطالبہ سرِفہرست رہا ہے۔

عام آدمی پارٹی کی انتخابی مہم کی منصوبہ بندی کرنے والے پرشانت کشور نے ابتدائی نتائج کے بعد دہلی کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG