رسائی کے لنکس

  کووڈ فنڈنگ تعطل کا شکار ,صدر بائیڈن کی کانگریس سے فنڈنگ کی منظوری کے لیے اپیل


 صدر بائیڈن وائٹ ہاوس کےمیڈیکل یونٹ میں کویڈ 19 کا چوتھا بوسٹر شاٹ لگوا رہے ہیں ۔ فوٹو اے پی 25 اکتوبر 2022۔
صدر بائیڈن وائٹ ہاوس کےمیڈیکل یونٹ میں کویڈ 19 کا چوتھا بوسٹر شاٹ لگوا رہے ہیں ۔ فوٹو اے پی 25 اکتوبر 2022۔

صدر جو بائیڈن نے منگل کے روز کووڈ 19 کا چوتھا بوسٹر شاٹ لگوا لیا ہے اور تمام امریکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھی ایسا ہی کریں جب کہ وائٹ ہاوس کے عہدے دار وں نے کانگریس پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ اور کووڈکے عالمی رد عمل کی فنڈنگ کے لیے 22 ارب ڈالر کی ان کی درخواست کی منظوری دے۔

اپنا بوسٹر شاٹ لگوانے سے پہلے بائیڈن نے کہا کہ ہم یہاں ایک بہت ہی سادہ سے پیغام کے ساتھ ہیں کہ ، آپ ویکسین لگوا لیں ۔ انہوں نے کانگریس کے ان ارکان پر بھی تنقید کی جو کووڈ سے چھٹکارا چاہتے ہیں لیکن ایسا کرنے کے لیے رقم خرچ نہیں کرنا چاہتے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم جس فنڈنگ کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ کووڈ-19 کے خلاف انتہائی مؤثر علاج اور ویکسینز کی تیاری اور اس کی خرید پر کام جاری رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے ۔

ستمبر میں جن فنڈز کی درخواست کی گئی اس میں چار ارب ڈالر کا وہ فنڈ شامل ہے جو ویکسی نیشن کی عالمی معاونت ، علاج اور تشخیص کے لیے درکار ہے ۔ اس رقم پر ری پبلکنز نے تنقید کی ہے اور بائیڈن کی کووڈ-19 فنڈنگ کی درخواستوں کی مخالفت کی ہے ۔

سینیٹ کے ری پبلکن ارکان نے کووڈ-19 کے لیے درخواست کی گئی فنڈنگ کی رقم کے بارے میں عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وائرس پر وفاقی خرچ کو ختم ہونا چاہیے نہ کہ اس میں اضافہ ۔

ریاست میزوری کے سینیٹر رائے بلنٹ نے جو ری پبلکن لیڈر شپ ٹیم کے ایک رکن ہیں کہا ہے کہ لوگ اپنی ویکسینز کے لیے خود خرچ کر سکتے ہیں جیسا کہ وہ اپنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے خرچ کرتے ہیں۔

پنسلوینیا میں ایک 14 سالہ لڑکی فائزر بائیون ٹیک ویکسین لگوا رہی ہے فوٹو رائٹرز ستمبر 2022
پنسلوینیا میں ایک 14 سالہ لڑکی فائزر بائیون ٹیک ویکسین لگوا رہی ہے فوٹو رائٹرز ستمبر 2022

وائٹ ہاوس کے کووڈ-19 کے رابطہ کار نے کہا ہے کہ ویکسین کی عالمی مانگ میں کمی ہو گئی ہے اور وائٹ ہاؤس نے وی او اے کو بتایا کہ امریکہ نے اپنے وعدہ کیے گئے عطیات میں سے لگ بھگ 600 ملین خوراکیں بھیجی ہیں ۔

ڈاکٹر اشیش جھا نے کہا ہے کہ ، امریکہ وہ ملک ہے جو اپنے مفاد سے بالا تر ہو کر دنیا کے لیے بھی بہت زیادہ کام کرتا ہے ۔ اس لیے بہت سی وجوہات کے پیش نظر یہ بہت اہم ہے کہ امریکہ اپنی قیادت جاری رکھے ۔ چار ارب ڈالر امریکیوں کے تحفظ اور دنیا کو بہتر طور سے محفوظ بنانے کے لئے ایک چھوٹی سی سرمایہ کاری ہے ۔

الثر ماہرین صحت اس سے اتفاق کرتے ہیں ۔

ڈیوک یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کرشنا اودیا کمار نے اسکائپ کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے وی او اے کو بتایا کہ اگر ہم اس وقت درست اقدام نہیں کریں گے تو ہم درحقیقت بجائے آگے جانے کے پیچھے جانے کے خطرے سے دوچار ہو ں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ہم ابھی تک اضافی ڈالروں کے وعدے پر قائم ہیں جن میں وہ فنڈنگ شامل ہے جس کی درخواست کی گئی ہے۔

اپ ڈیٹد کویڈ ویکسین ۔ فوٹو اے پی
اپ ڈیٹد کویڈ ویکسین ۔ فوٹو اے پی

انہوں نے کہاکہ اس وقت مزید ویکسینز خریدنے کی بہت کم ضرورت ہے کیوں کہ ہم اصل میں ضرورت سے زیادہ خرید چکے ہیں اور اب ہمیں یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ہم ویکسین کو ویکسی نیشن میں تبدیل کر دیں ۔

اس کے علاوہ ہمیں منہ کے ذریعے لی جانے والی مزید اینٹی وائرل ادویات خریدنے کی ضرورت ہے کیوں کہ انہیں امریکہ سے باہر استعمال کے لیے بہت کم مقدار میں خریدا گیا ہے ۔

اُن کے بقول ہمیں صحت کے ان نظاموں کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے بھی سرمایہ کاری کرنا ہے جنہیں ان کی ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو ٹیسٹنگ اور علاج تک رسائی ہو سکے اور شدید بیماری کو روکا جا سکے۔

لیکن آیا اس کے لیے فنڈز ملتے ہیں یا نہیں اس کا انحصار منتخب عہدے داروں پر ہے۔ ووٹرز آنے والے ہفتوں میں ایوان نمائندگان کی 435 نشستوں اور ملک کی سینیٹ کی 100 نشستوں میں سے 35کو پر کرنے کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔

XS
SM
MD
LG