کراچی …ایم کیو ایم کے رہنما، الطاف حسین کو گلگت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 81 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس سزا کے ساتھ ساتھ ان پر 24 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
الطاف حسین پر لندن سے ٹیلی فونک خطاب کے دوران ملک کے سیکورٹی اداروں کے خلاف ’اشتعال انگیز اور متنازع تقریر کرنے کا الزام لگایا گیا تھا‘، جو، عدالت کے مطابق، ’ثابت ہوا‘ ہے۔
الطاف حسین کے خلاف گلگت بلتستان میں تقریباً ایک درجن مقدمات درج ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں بھی ان کے خلاف مقدمات دائر ہیں۔ان میں سے کئی مقدمات میں انہیں مفرور بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 21 ستمبر کی سماعت کے دوران فیصلہ محفوظ کر لیا تھا، جسے پیر کو سنایا گیا۔
فیصلے کے مطابق، عدالت نے الطاف حسین کی ’اندرون و بیرون ملک تمام جائیداد ضبط کرکے انہیں نیلام کرنے کا‘ بھی حکم سنایا گیا ہے۔
اس سے قبل، لاہور ہائی کورٹ نے الطاف حسین کی تقاریر کی براہِ راست کوریج پر پابندی بھی عائد کر رکھی ہے۔