رسائی کے لنکس

بابر اعظم اور امام الحق نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر


نیوزی لینڈ کے خلاف 26 دسمبر سے شزوع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کے 17 رُکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ انجری کے شکار بابر اعظم اور امام الحق پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پیر کو قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔

اسکواڈ میں ‏محمد رضوان، سرفراز احمد، شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

محمد رضوان پاکستان ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

پی سی بی کے مطابق عمران بٹ اس سے قبل قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے تین میچز میں 191 رنز بنا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ سال کھیلی گئی قائد اعظم ٹرافی میں انہوں نے سب سے زیادہ 934 رنز بنائے تھے۔

24 سالہ عمران بٹ کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ وہ 62 سے زائد کی اوسط سے ٹورنامنٹ میں چار سینچریاں اور تین نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ ہفتہ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مانگنوئی میں کھیلا جائے گا۔

بابراعظم 13 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن میں پریکٹس کے دوران زخمی ہوگئے تھے۔ ان کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا تھا جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں 12 دن تک آرام کا مشورہ دیا تھا۔

پاکستانی اوپنر امام الحق بھی کوئنز ٹاؤن پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہوئے تھے ان کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر ہوا تھا جس کے باعث وہ بھی پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG