رسائی کے لنکس

بیلجیم: فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک


فائرنگ کے فوری بعد جائے واقعہ پر پولیس اہلکار موجود ہیں۔
فائرنگ کے فوری بعد جائے واقعہ پر پولیس اہلکار موجود ہیں۔

بیلجیم کے ایک مقامی روزنامے کے مطابق واقعہ منگل کو شہر کے مرکزی علاقے کی ایک شاہراہ پر پیش آیا جہاں بعض عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ سے قبل "اللہ اکبر" کا نعرہ بھی بلند کیا۔

بیلجیم کے شہر لی ییگ میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ حملہ آور پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا ہے۔

بیلجیم کے ایک مقامی روزنامے کے مطابق واقعہ منگل کو شہر کے مرکزی علاقے کی ایک شاہراہ پر پیش آیا جہاں بعض عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ سے قبل "اللہ اکبر" کا نعرہ بھی بلند کیا۔

ملزم نے حملے کے دوران ایک خاتون کو کچھ دیر کے لیے یرغمال بھی بنایا۔ حملہ آور کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر شامل ہے۔

بیلجیم کے وزیرِ داخلہ جین جیمبون نے کہا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کا مرکز واقعے کا جائزہ لے رہا ہے اور حملے کی وجوہات کا پتا لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیرِ داخلہ کے بقول واقعے کی وجوہات میں سے دہشت گردی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔

بیلجیم کے خبر رساں ادارے 'بیلگا' کے مطابق فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

لی ییگ بیلجیم کا ایک بڑا صنعتی شہر ہے جو جرمنی کی سرحد کے نزیک واقع ہے۔ اس سے قبل 2011ء میں بھی اس شہر میں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے چار افراد کو ہلاک اور 100 سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔ حملہ آور نے بعد ازاں خود کشی کرلی تھی۔

پیرس میں 2015ء اور اگلے سال بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ہونے والے یورپ کی تاریخ کے بدترین دہشت گرد حملوں کے بعد سے بیلجیم میں سکیورٹی الرٹ ہے۔

ان دونوں حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی جن میں بالترتیب 130 اور 32 افراد مارے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG