رسائی کے لنکس

بھوٹان کے بادشاہ جگمے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے


بھوٹان کے بادشاہ جگمے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے
بھوٹان کے بادشاہ جگمے رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

ہمالیہ کے دامن میں واقع ایک چھوٹی سی ریاست بھوٹان کی ایک قدیم خانقاہ میں ہونے والی ایک رنگارنگ تقریب میں ملک کے نوجوان بادشاہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

31 سالہ بادشاہ جگمے بیسار نامگیال ونگچوک کی شادی، جن کا شمار دنیا کے کم عمر ترین بادشاہوں میں کیا جاتا ہے، جمعرات کے روز 21 سالہ جسٹن پرما سے ہوئی۔ شادی کی رنگارنگ تقریبات، جس کا ملک بھر میں جشن منایا گیا، بھوٹان کے قدیم دارلحکومت پوناکا میں واقع 17 صدی کی ایک خانقاہ میں ہوئی۔

شادی کی تقریب کے دوران بادشاہ نے زرد رنگ کی شاہی سائش، سنہری ڈوریاں اور ملٹی کلر جوتے پہن رکھے تھے۔ نئی ملکہ نے، جو ایک فضائی کمپنی کے پائلٹ کی بیٹی ہیں، سنہرے، سرخ اور کالے رنگوں کی آمیزش کا خوبصورت لباس زیب تن کررکھا تھا۔ شادی کی رسموں کی ادائیگی کےبعد ملکہ کوتاج پہنا کر تخت پربٹھایا گیا۔

رنگارنگ روایتی لباسوں میں ملبوس ہزاروں لوگ، شادی کی رسومات کی ادائیگی کے دوران خانقاہ کے باہر کھڑے رہے اور کئی گلوکار ڈھول کی تھاپ پر شادی کے نغمے الاپتے رہے۔

وانگچوک نے بعد میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش ہیں اور ایک عرصے سے اس دن کا انتظار کررہے تھے۔

بادشاہ کی شادی کا پورے ملک میں گرم جوشی سےخیرمقدم کیا گیا اورملک بھرمیں جگہ جگہ رقص و موسیقی کی محفلیں منقعد ہوئیں۔

وانگچوک آکسفورڈ یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ ہیں۔

وانگچوک، 2008ء میں بھوٹان کے پہلے آئینی بادشاہ بنے تھے۔ اس سے دو سال قبل ان کے والد جگمے سنگھے نے رضاکارانہ طورپر اقتدار چھوڑ تے ہوئے ملک کو پارلیمانی طرز کی جمہوریت کی طرف لے جانے کے لیے نئے آئین کا مسودہ تیار کرنے کا حکم دیاتھا۔

بھوٹان، بھارت اور چین کے درمیان واقع ملک ہے جس کی آبادی صرف چھ لاکھ 35 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ قدیم روایات کا حامل یہ ملک اپنی تہذیب وثقافت کو محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوششیں کررہاہے۔ اور اب بھی غیر ملکیوں کی آمد محدود رکھنے کے اقدامات کیے جاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG