رسائی کے لنکس

بائیڈن کا بدھ کو جنرل اسمبلی سے خطاب، غذائی تحفظ اور عالمی صحت پر توجہ دیں گے


صدر جو بائیڈن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے گزشتہ سال ہونے والے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ (اے پی)
صدر جو بائیڈن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے گزشتہ سال ہونے والے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں۔ (اے پی)

صدر جو بائیڈن بدھ کی صبح نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کر رہے ہیں، جہاں وہ عالمی غذائی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے، ایڈز اور دیگر وبائی امراض سے لڑنے کے لیے عالمی فنڈ کو بھرنے ، رسد کے مسائل اور ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے امریکی کوششوں پر روشنی ڈالیں گے۔

قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ بائیڈن اپنی تقریر میں یوکرین میں روس کی جارحیت کو بھی اجاگر کریں گے۔

وائٹ ہاؤس میں منگل کے روز ہونے والی بریفنگ میں صدر کے قومی سلامتی کے امور پر مشیر جیک سلیوان نے بتایا کہ نیویارک میں منعقدہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ساتھ خطاب میں صدر بائیڈن امریکہ کی خارجہ پالیسی واضح کریں گے۔ جس دوران وہ یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا وہ عالمی طاقتوں سے یوکرین کی حمایت جاری رکھنے پر بھی زور دیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ایسے وقت میں جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک مستقل ممبر نے کسی دوسرے ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے اہم اصول کو چیلنج کیا ہے، صدر بائیڈن بدھ کے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کو ادارے کے طور پر مستحکم کرنے پر زور دیں گے۔

وائس آف امریکہ کے سوال پر کہ صدر بائیڈن سلامتی کونسل میں اصلاحات پر بھی بات کریں گے، جہاں روس مستقل رکن ہے۔سلیوان نے کہا ’’ ہو سکتا ہے کہ وہ کھلے بندوں اس موضوع پر بات کریں یا وہ سیکرٹری جنرل اور دوسرے راہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں نجی سطح پر معاملہ زیربحث لے آئیں، ہم آج بھی اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں‘‘۔

صدر کے نیشنل سیکورٹی مشیر نے کہا کہ صدر بائیڈن دنیا میں خوراک کی قلت سے نمٹنے کے لیے امریکی فنڈنگ سے متعلق بڑے اعلانات کرنے جا رہے ہیں۔ جبکہ وہ عالمی صحت عامہ، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق امریکی وعدوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

امریکی صدر دن بھر اپنے اتحادی ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ تعلقات پر گفتگو ہو گی۔ امریکی صدر برطانیہ کی نئی وزریراعظم لیزٹرس سے پہلی ملاقات بھی ان سائیڈ لائن ملاقاتوں میں شامل ہے۔

 اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے پانچ دلچسپ حقائق
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:12 0:00

صدر بائیڈن بدھ کی دوپہر ایچ آئی وی ایڈز ، ملیریا اور ٹی پی سے متعلق ہونے والی کانفرنس میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد صدر بائیڈن اور خاتون اوّل جل بائیڈن ایک ’’ لیڈرز ریسپشن‘‘ کا اہتمام کر رہے ہیں جس میں کئی ممالک سے آنے والے رہنماوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG