رسائی کے لنکس

بائیڈن:دنیا کی ہر مہذب قوم کی طرح  اسرائیل کو، جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے


دس اکتوبر کو صدر بائیڈن کا وائٹ ہاؤس سے خطاب۔
دس اکتوبر کو صدر بائیڈن کا وائٹ ہاؤس سے خطاب۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کے روز، حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ سے پیدا ہونے والی صورتِ حال پر اپنے خطاب میں امریکہ کی اسرائیل کے لئے مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے اور اسے اپنے دفاع کے لئے جو بھی امداد چا ہیئے ہوگی ہم اسے فراہم کریں گے ۔

جو بائیڈن نے حماس کے حملے کے بعد اسرائیل کے ردعمل کے بارے میں کہا کہ "دنیا کی ہر مہذب قوم کی طرح اسرائیل کو، جوابی کارروائی کا حق حاصل ہے۔"

انہوں نے اپنی اس تقریر میں اس کی تصدیق بھی کی کہ حماس نے امریکیوں کی ایک نامعلوم تعداد کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

اس خطاب سے قبل امریکی صدر نے اسرائیل کے وزیر اعظم بینجیمن نیتن یاہو سے فون پر بات کی تھی، اسرائیلی رہنما کے ساتھ اپنی گفتگو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ،"میں نے ابھی اسرائیلی وزیر اعظم سے بات کرتے ہوئے زور دیا ہےکہ امریکہ اور اسرائیل جیسی جمہوریتیں تب زیادہ مضبوط اور محفوظ ہوتی ہیں ، جب ہم قانون کی بالا دستی کی پابندی کرتے ہیں۔"

صدر بائیڈن کا کہنا تھا دہشت گردجان بوجھ کرعام شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں ۔ہم جنگ کے قوانین کی پابندی کرتے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا اگر کسی نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ، تو میرا صرف یہ کہنا ہے کہ ’ایسا نہیں کریں۔‘

حماس کے حملے پرامریکی حکومت کا ابتدائی ردعمل

امریکہ نے فلسطینی عسکری گروہ حماس کی جانب اسرائیل پر حملوں کی مذمت کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ موجودہ صورتِ حال میں اسرائیل کو اپنے عوام کے دفاع کے لیے درکار مدد بھی فراہم کی جائے گی۔

ہفتے کو حماس کی جانب سے شروع ہونے والے حملے کے بعد امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کارروائیوں کا کوئی جواز قابلِ قبول نہیں اور ان کے نتیجے میں ہونے والی اموات افسوس ناک ہیں۔

صدر بائیڈن نے اپنے خطاب میں واضح کیا تھاکہ ’’کوئی مغالطے میں نہ رہے۔ امریکہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے۔‘‘

اس کے علاوہ صدر نے اردن کے بادشاہ اور امریکہ کے سیکیورٹی حکام سے بھی رابطے کیے۔

ہفتے کو وائٹ ہاؤس کے ایک سیینئر عہدے دار نے بتایا کہ بائیڈن حکومت کے حکام نے ہفتے کے دن فلسطینی اتھارٹی، ترکیہ، مصر، سعودی عرب، جرمنی، برطانیہ اور اٹلی کے حکام اور رہنماؤں سے اسرائیل کی صورت حال پر رابطے جاری رکھے۔

ہفتے کو امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے بھی اپنے بیان میں اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کی اور انہیں اسرائیل کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں بلنکن نے خطے کے تمام ممالک پر اس دہشت گردی کی مذمت کرنے کے لیے زور دیا۔

فورم

XS
SM
MD
LG