رسائی کے لنکس

ارب پتی مائیک بلومبرگ کا ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کو 18 ملین ڈالر کا عطیہ


بلومبرگ (فائل)
بلومبرگ (فائل)

امریکہ میں میڈیا کی چوٹی کی شخصیت ارب پتی مائیک بلومبرگ، آئندہ صدارتی انتخابات کیلئے ڈیموکریٹ جماعت کی ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کو اٹھارہ ملین ڈالر عطیہ کریں گے۔ اس بات کا اعلان جمعے کے روز بلومبرگ کی انتخابی مہم نے کیا۔

اس ماہ کے اوائل میں 'سپر ٹیوز ڈے' میں شکست کے بعد، نیو یارک شہر کے سابق میئر، بلومبرگ نے ڈیومکریٹ جماعت کی جانب سے صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے دستبرداری اختیار کی تھی۔ اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ ری پبلکن جماعت کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے کیلئے، وہ ڈیموکریٹ جماعت کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔

ان کی انتخابی مہم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مائیک بلومبرگ کا ایک ہی مقصد ہے کہ اس سال نومبر کے صدارتی انتخاب میں وہ صدر ٹرمپ کو ہرانے میں ڈیموکریٹ جماعت کی مدد کریں۔

بلومبرگ کی انتخابی ٹیم کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی مہم کے دوران میڈیا اشتہارات کی مد میں دو سو پچھتر ملین ڈالر اپنی جیب سے خرچ کئے تھے۔ لیکن، انہوں نے دوڑ میں شامل اپنے ساتھی ڈیموکریٹ امیدواروں کے خلاف کوئی منفی اشتہار نہیں دیا۔

بلومبرگ پہلے اس بات پر غور کر رہے تھے کہ وہ ایک ایسا آزاد ادارہ بنائیں جو ڈیموکریٹ جماعت کے نامزد حتمی صدارتی امیدوار کی مدد کرے۔ تاہم، اب وہ یہ سوچ رہے ہیں کہ وسائل کا بہتر استعمال یہ ہوگا کہ وہ جماعت کی قومی اور ریاستی سطح پر حکمت عملی کیلئے قومی کمیٹی کی مدد کریں۔

صدارتی نامزدگی کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد، بلومبرگ نے دوڑ میں سب سے آگے، سابق نائب صدر جو بائیڈن کی حمایت کا علان کیا تھا۔ بائیڈن کو ورمونٹ کے سینیٹر، برنی سینڈرز پر ڈیلیگٹ اور رائے عامہ کے جائزوں میں سبقت حاصل ہے۔

ڈیموکریٹک نیشنل کنوینشن کا کہنا ہے کہ وہ بلومبرگ کی جانب سے دی گئی رقم کو اُن ریاستوں میں سینکڑوں کارکن بھرتی کرنے کیلئے استعمال کریں گے جہاں کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔

ڈی این سی کے سربراہ ٹوم پیریز کا کہنا ہے کہ بلومبرگ اور ان کی ٹیم نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ہرانے میں مدد دینے کے اپنے وعدے کو پورا کیا ہے، اور انکی دی گئی رقم سے ڈیموکریٹ جماعت کو صدارتی انتخاب جیتنے میں زبردست مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG