|
ویب ڈیسک—بالی وڈ کے سلطان سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم 'سکندر' کے ٹیزر کی ریلیز منسوخ کر دی ہے۔ 'سکندر' کا ٹیزر 27 دسمبر کو ریلیز کے لیے شیڈول تھا جسے سابق بھارتی وزیرِ اعظم منموہن سنگھ کے انتقال کے باعث 28 دسمبر کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سلمان خان نے 26 دسمبر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 'سکندر' کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 27 دسمبر کو ان کی سالگرہ کے موقع پر فلم کا ٹیزر ریلیز کیا جائے گا۔
اب پروڈکشن کمپنی نادیادوالا گرینڈ سن نے 'ایکس' پر جاری بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم منموہن سنگھ کے انتقال کی وجہ سے 'سکندر' کے ٹیزر کی ریلیز کو منسوخ کر دیا ہے۔
'سکندر' کی ہدایات اے آر مروگوداس نے دی ہیں جب کہ اسے ساجد نادیادوالا نے پروڈیوس کیا ہے۔ ڈرامہ اور ایکشن سے بھرپور فلم 2025 میں عید کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
پشپا 2 کے 1700 کروڑ
ساؤتھ انڈین فلم 'پشپا 2' ریلیز کے 22 دن بعد بھی باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے اور فلم مجموعی طور پر 1700 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔
اب پشپا 2 ٹو کا شمار بھی بھارت کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلموں میں ہو گیا ہے۔
سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بھارتی فلموں میں دوسرے نمبر پر 'باہوبلی ٹو' ہے جس نے مجموعی طور پر 1742 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔
اب تیسرے نمبر پر 'پشپا 2' آ گئی ہے جو اب تک 1700 کروڑ سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔
'پُشپا 2: دی رول' کی ہدایات سو کمار نے دی ہیں جب کہ اس میں سپر اسٹار الو ارجن اور ان کے ساتھ رشمیکا مندنا نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلم کی کہانی پشپا راج کے گرد گھومتی ہے جس میں اسمگلنگ اور طاقت کے سفر کو دکھایا گیا ہے۔
'پُشپا: دی رائز' 2021 میں ریلیز ہوئی تھی اس میں بھی الو ارجن اور رشمیکا مندنا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
سنگھم اگین اور بھول بھلیاں 3 نیٹ فلکس پر ریلیز
بالی وڈ کی معروف فرنچائزز سنگھم اور بھول بھلیاں کے سیکوئلز نے باکس آفس پر خوب کامیابیاں سمیٹی تھیں اور اب دونوں فلموں کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔
دونوں فلمیں نومبر کو دیوالی کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنی تھیں۔
باکس آفس کے اعداد و شمار جانے والی میڈیا کمپنی سیکنلک کے مطابق 'بھول بھلیاں تھری' نے دنیا بھر سے 389 کروڑ کا بزنس کیا ہے جب کہ 'سنگھم اگین' نے مجموعی طور پر 372 روپے کمائے ہیں۔
'بھول بھلیاں تھری' میں کارتک آریان کے ساتھ ساتھ ودیا بالن بھی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جنہوں نے پہلے پارٹ میں منجلیکا کا کردار ادا کیا تھا۔
کامیڈی ہارر فرنچائز کا پہلا حصہ 2007 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اداکار اکشے کمار، ودیا بالن اور راجپال یادو سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی۔
بعد ازاں 2022 میں فلم کا دوسرا پارٹ ریلیز ہوا تھا جس میں کارتک آریان، تبو اور کیارا اڈوانی کو فرنچائز میں شامل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب روہت شیٹی کی معروف فرنچائز 'سنگھم' کی تیسری فلم 'سنگھم اگین' میں کرینہ کپور، دپیکا پڈوکون، اجے دیوگن، رنویر سنگھ، اکشے کمار، ٹائیگر شروف اور ارجن کپور نے اداکاری کی ہے۔
سنگھم فرنچائز کی پہلی فلم 2011 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد 2014 میں سنگھم ریٹرنز ریلیز ہوئی تھی۔ یہ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔
فورم