رسائی کے لنکس

بوسٹن: مشتبہ شخص کے دو ساتھیوں پر فرد جرم عائد


اسکیچ
اسکیچ

قادربائیف اور تزائیکوف کو انصاف کی راہ میں روڑے اٹکانے پر 20برس کی قید، اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ کی سازش کے الزام میں پانچ سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ ممکنہ طور پر دونوں کو ملک بدری کا سامنا ہوسکتا ہے

ایک امریکی گرانڈ جیوری نے بوسٹن میراتھون بم حملے کے مشتبہ زوخار سرانیف کے کالج کے دو دوستوں پر فرد جرم عائد کیا ہے، جن پرالزام ہے کہ اُنھوں نے سالانہ دوڑ کی حتمی لائن کے قریب ہونے والے دو دھماکوں کے بارے میں حکومتی چھان بین کے عمل میں دخل اندازی کی۔

جعرات کو گرانڈ جیوری نے 19سالہ دو قزاقستانی شہریوں، دائس قادربائیف اور عظمت تزائیکوف پر الزام لگایا کہ اُنھوں نے دھماکوں کے بارے میں ہونے والی تفتیش کے دوران رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی، جس دہشت گرد واقع میں تین افراد ہلاک اور 260زخمی ہوئے تھے۔

فردِ جرم میں کہا گیا ہے کہ 15اپریل کو ہونے والے اِن دھماکوں کے کچھ ہی دِنوں کے اندر اندر حکام نے بم دھماکوں کے مشتبہ افراد کا سکیورٹی کیمرا فٹیج جاری کیا، جس میں سرانیف، قادربائیف کو ایک ٹیکسٹ مسیج بھیجتا ہے، جس میں اُن کو سرانیف کے کالج کی ہاسٹل کے کمرے کی طرف جاکر ’جو کچھ وہاں ہے اُسے لے جانے‘ کے لیے کہا۔

فرد جرم میں قادربائیف اور تزائیکوف اور شناخت نہ کیے گئے تیسرے شخص پر الزام لگایا گیا ہے کہ اُنھوں نے سرانیف کے کمرے سے متعدد چیزیں ہٹائیں، اور اِن چیزوں کو کچرے کی تھیلی میں ڈال کر کوڑے دان میں پھینک آئے۔

جانچ کرنے والی پولیس کی ٹیموں نے بعد میں یہ پھینکی گئی چیزیں زمین کی بھرائی کرنے کے ملبے سے حاصل کیں۔

سزا کی صورت میں، قادربائیف اور تزائیکوف کو انصاف کی راہ میں حائل ہونے پر 20برس کی قید، اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ کی سازش کے الزام میں پانچ سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ ممکنہ طور پر دونوں کو ملک بدری کا سامنا ہوسکتا ہے۔

سرنائیف اِس وقت پولیس تحویل میں مقدمے کی سماعت شروع ہونے کے انتظار میں ہے۔

اُن پر الزام ہے کہ اُنھوں نے اُن دھماکوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کا ہتھیار استعمال کیا، جنھیں موت کی سزا ہو سکتی ہے۔

اُن کا بڑا بھائی، تمرلان پولیس کے ساتھ فائر کے تبادلے میں ہلاک ہوا، جس سے کچھ ہی گھنٹے قبل، سکیورٹی کیمرا کا فٹیج جاری ہوا جس میں سرنائیف بھائیوں کو بم حملے کی جگہ کے قریب سے پیدل جاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG