رسائی کے لنکس

برطانیہ میں قرنطینہ ہوٹل کھل گئے، ویکسین لگانے میں تیزی


ہیتھرو ایئرپورٹ لندن سے مسافروں کو ایک خصوصی کوچ کے ذریعے ایک قریبی ہوئل میں پہنچایا گیا ہے۔ 15 فروری 2021
ہیتھرو ایئرپورٹ لندن سے مسافروں کو ایک خصوصی کوچ کے ذریعے ایک قریبی ہوئل میں پہنچایا گیا ہے۔ 15 فروری 2021

برطانیہ نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے نئے ضوابط پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے، جس کے تحت منتخب ملکوں سے آنے والے مسافروں کو اپنی منزل مقصود پر جانے سے قبل 10 روز تک کے لیے مخصوص ہوٹلوں ٘میں قیام کے دوران قرنطینہ کرنے کا پابند کیا گیا۔

قرنطینہ کے لیے مقررہ ہوٹلوں نے پیر 15 فروری سے کام شروع کر دیا ہے اور ان میں مہمانوں کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ جب کہ حکومت نے ویکسین لگانے کی مہم بھی تیز کر دی ہے تاکہ کرونا وائرس کی نئی اقسام کو ملک میں پھیلنے سے روکا جا سکے۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اترنے والے مسافروں کو سیکیورٹی گارڈز کے حصار میں بسوں پر بٹھا کر قریبی ہوٹلوں تک پہنچایا گیا۔

کچھ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پیر سے پہلے برطانیہ پہنچنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے۔

دبئی سے ہیتھرو آنے والی ایک خاتون مسافر زاری تادیون نے بتایا کہ انہیں ائیرپورٹ کے قریب ریڈیسن بلیو ایڈورڈین ہوٹل لے جایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید تھی کہ انہیں ان کے گھر میں قرنطینہ کرنے کی اجازت مل سکے گی۔ ان کے بقول دس روز کے لیے جبراً ہوٹل میں ٹھہرنا انہیں بہت برا محسوس ہوا۔

بقول ان کے ’’میں یہ کیسے برداشت کروں گی، میں نہیں جانتی۔ یہ بہت مشکل ہو گا۔‘‘
برطانیہ اب تک ڈیڑھ کروڑ افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک فراہم کر چکا ہے جو اس کی کل آبادی کا ایک چوتھائی ہے، لیکن ماہرین کو خدشہ ہے کہ کرونا ویکسینز وائرس کی نئی اقسام پر زیادہ موثر نہیں ہوں گی۔

لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹنگ سینتر قائم کر دیا گیا ہے۔ 15 فروری 2021
لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹنگ سینتر قائم کر دیا گیا ہے۔ 15 فروری 2021

نئے قواعد کے تحت یو کے اور آئرلینٖڈ کے رہائشی 33 ہائی رسک ممالک سے جب برطانیہ داخل ہوں گے تو اپنے خرچے پر دس روز کے لیے قرنطینہ ہوٹلوں میں قیام کریں گے اور انہیں کھانا ان کے دروازے پر دے دیا جائے گا۔ سکاٹ لینڈ نے یہ قاعدہ ہر ملک سے آنے والوں پر لاگو کر دیا ہے۔

عالمی وبا کی وجہ سے بین الاقوامی سفر پہلے ہی کم ہو چکا ہے اور برطانوی شہریوں پر ملک سے باہر چھٹیاں منانے پر پابندی ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے قرنطینہ ہوٹلوں کے قیام کا فیصلہ کافی تاخیر سے کیا گیا ہے اور جنوبی افریقہ کی کرونا وائرس کی نئی قسم ملک میں پہلے ہی پھیل چکی ہے۔

برطانیہ نے اتوار کے روز ڈیڑھ کروڑ افراد کو کرونا ویکسین کی پہلی خوراک دینے کا ہدف پورا کر لیا۔ ان افراد میں ملک کا طبی عملہ اور 70 برس سے زیادہ عمر کے افراد بھی شامل ہیں۔

پیر کے روز لندن میں ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم بورس جانسن نے سائنس دانوں، طبی عملے اور ویکسین کی مہم میں شامل تمام افراد کی خدمات کو سراہا۔

سیکرٹری برائے صحت میٹ ہینکاک نے بتایا کہ ویکسین کی مہم میں اب 65 سال سے بڑی عمر کے افراد اور دوسری بیماریوں سے متاثر افراد کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت 50 برس سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو اپریل تک اور تمام جوان آبادی کو ستمبر تک ویکسین دینا چاہتی ہے۔

برطانیہ یورپ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG