رسائی کے لنکس

بی ٹی ایس بینڈ کی دسویں سالگرہ:سیول روشنیوں سے جگمگا اٹھا


جنوبی کوریا کے بینڈ ،بی ٹی ایس کی دسویں سالگرہ
جنوبی کوریا کے بینڈ ،بی ٹی ایس کی دسویں سالگرہ

جنوبی کوریا کے معروف بینڈ بی ٹی ایس نے دو ہزار تیرہ میں ڈیبیو کیا تھا جس کے بعدسے اسے جنوبی کوریا کے علاوہ دنیا بھر میں سنا اور پسند کیا جاتا ہے ۔پاکستان میں بھی اس کورین بینڈ کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے ۔ اس بینڈ کی تشکیل کو اس برس دس سال پورے ہوئے ہیں جس کی خوشی یہ بینڈ ایک نئے ڈیجیٹل گیت " ٹیک ٹو" کی ریلیز کے ساتھ منا رہا ہے ۔

بی ٹی ایس بینڈ کی تشکیل کے دس سال مکمل ہونے کے موقعے پر جنوبی کوریا کے دارالحکومت میں فلک بوس عمارتوں ،پلوں اور دیگر قومی یادگاروں کو جامنی رنگ سے روشن کیا گیاجن پر بی ٹی ایس کے حروف جگمگا رہے تھے ۔

پیر کی شام سے سیول کے سٹی ہال، 123 منزلہ لوٹے ورلڈ ٹاور،ہان دریا پر بنے متعدد پل اور زاہا حدید کا تیار کردہ ایلومینیم اور کنکریٹ کے خوبصورت اور جدید گنبد سمیت متعدد متعدد مقامات کو جامنی روشینوں سے منور کیے گئے ۔جامنی پاپ بینڈ سے وابستہ ایک رنگ ہے۔

بی ٹی ایس کی دسویں سالگرہ پر جنوبی کوریا جگمگا اٹھا ، فوٹو اے پی
بی ٹی ایس کی دسویں سالگرہ پر جنوبی کوریا جگمگا اٹھا ، فوٹو اے پی

اس کے ساتھ ساتھ بی ٹی ایس کے لیے نیک خواہشات اور پیار بھرے پیغامات سیول بھر کی عمارتوں میں ڈیجیٹل اسکرینوں پر آویزاں کیے گئے، جبکہ پوسٹل حکام نے گروپ کی سالگرہ کے موقع پر ڈاک ٹکٹ جاری کیا ، جو منگل سے پوسٹ آفسز میں دستیاب ہوں گے۔

سیول کے حکام کو امید ہے کہ تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہنے والی ان تقریبات سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ شہر میں بی ٹی ایس سے وابستہ ایک درجن سے زیادہ سائٹس کو ان تقریبات کے لیے نامزد کیا ہے،ان میں وہ جگہیں بھی شامل ہیں جہاں گروپ نے کامیاب پرفارمنسز دیں یا اپنی کچھ مشہور ویڈیوز شوٹ کیں۔

دو ہزار تیرہ میں اپنے ڈیبیو کے بعد تیزی سے ایشیا میں زبردست فالوونگ حاصل کرتے ہوئے، بی ٹی ایس کی مقبولیت ان کے 2020 کے میگاہٹ انگلش گانے "ڈائنامائٹ" کے ساتھ پوری دنیا میں پھیل گئی۔لیکن ایک مکمل گروپ کے طور پر بی ٹی ایس کی سرگرمیاں فی الحال روک دی گئی ہیں کیونکہ کچھ فنکار فوج میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق بگ ہٹ نے اپنے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ "سن 2025 تک فوج میں فرائض سرانجام دینے کے بعد کمپنی اور بی ٹی ایس کے اراکین دونوں ہی دوبارہ ایک گروپ کے طور پر کام کرنے کے منتظر ہیں۔"

بی ٹی ایس گروپ ، فائل فوٹو
بی ٹی ایس گروپ ، فائل فوٹو

جنوبی کوریا میں، حریف شمالی کوریا کی جارحیت کو روکنے کے لیے ایک نظام کے تحت جسمانی طور پر صحتمند تمام مردوں کو 18-21 ماہ فوج میں لازمی خدمات انجام دینا ہوتی ہیں ،تاہم اولمپئنز، ایشین گیمز میڈل کے فاتحین، کلاسیکل موسیقاروں اور مقابلوں میں ٹاپ انعامات جیتنے والے ڈانسرز کو فوج میں مختصر مدت تک کے لیے لازمی خدمات پیش کرنا ہوتی ہے یا انہیں اس میں چھوٹ دے دی جاتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ چند قانون سازوں نے فوج میں خدمات دینے سے متعلق جنوبی کورین بینڈ 'بی ٹی ایس' کو استثنیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس رپورٹ کا مواد اے پی سے لیا گیا

XS
SM
MD
LG