پاکستان کے زیر انتظام آزاد کشمیر کی تحصیل پلندری میںاتوار کی شام باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ بس میں تقریباً 60 مسافر سوار تھے ۔
مقامی میڈیا رپورٹس نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ بس تیز رفتاری سے ججال ہل موڑ کے قریب سے گزر رہی تھی کہ بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری ۔ کھائی اس قدر گہری تھی کہ موقع پر ہی 20 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد نے دوران علاج دم توڑ دیا۔
حادثے میں 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز جیو نیوز اور ایکسرپس نیوز کا کہنا ہے کہ بیشتر افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔
رپورٹس میں پولیس کےحوالے سے بتایا جارہا ہے کہ باراتیوں کی بس ہجیرہ جارہی تھی اور اس میں 60 افراد سوار تھے۔ حادثے کی جگہ پر مناسب روشنی کا انتظام نہ ہونے کے سبب سورج ڈوبتے ہیں امدادی کار روائیوں میں مشکلات پیش آنے لگیں تھیں۔