رسائی کے لنکس

شام: خودکش کار حملے میں 42 افراد ہلاک


فائل
فائل

ملک کے وسطی صوبے حما میں پیر کی شب ہونے والے خودکش کار حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 42 تک جاپہنچی ہے۔

شام کی حزبِ اختلاف کی حامی ایک تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے وسطی صوبے حما میں پیر کی شب ہونے والے خودکش کار حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 42 تک جاپہنچی ہے۔

برطانیہ میں قائم تنظیم ' سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' کے مطابق حملے کا نشانہ سلامیہ نامی قصبے میں حکومت کے حامی جنگجووں کے زیرِ استعمال ایک عمارت تھی۔

تنظیم کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں میں کئی شہری بھی شامل ہیں۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'سانا' نے اپنی ایک رپورٹ میں حملے میں 32 افراد کے ہلاک ہونے کی خبر دیتے ہوئے اس کا الزام ان "دہشت گردوں " پر عائد کیا ہے جو ایجنسی کے مطابق گزشتہ 22 ماہ سے صدر بشار الاسد کےخلاف شورش برپا کیے ہوئے ہیں۔

'آبزرویٹری' کے عہدیداران نے شام میں موجود اپنے نمائندوں کے حوالے سےبتایا ہے کہ ترکی کی سرحد کے نزدیک واقع شام کے شمال مشرقی قصبے راس العین میں حکومت مخالف سنی باغیوں اور مقامی کرد اقلیت سے تعلق رکھنے والے جنگجووں کے مابین بھی شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔

تنظیم کے مطابق علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران میں ان جھڑپوں میں کم از کم 56 جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ شام میں آباد کرد اقلیت نے شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف سنی رہنمائوں اور جنگجووں کے زیرِ قیادت گزشتہ 22 ماہ سے جاری بغاوت سے خود کو دور رکھا ہے۔

'آبزرویٹری' کے مطابق منگل کو دمشق کے مختلف نواحی علاقوں میں بھی باغیوں اور صدر اسد کے حامی فوجی دستوں کے مابین جھڑپیں ہوئی ہیں۔
XS
SM
MD
LG