رسائی کے لنکس

چین : فروری میں بیرونی تجارت میں اربوں ڈالر کا خسارہ


چین : فروری میں بیرونی تجارت میں اربوں ڈالر کا خسارہ
چین : فروری میں بیرونی تجارت میں اربوں ڈالر کا خسارہ

تجارت سے متعلق جمعرات کو جاری ہونے والے اعدادو شمار میں فروری کے دوران چین کی بیرونی تجارت میں حیرت انگیز طور خسارہ ظاہر ہواہے۔ رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ چین کی برآمدات میں سست روی دیکھی گئی اور جب کہ درآمدات بدستور زیادہ رہیں۔

جمعرات کو جاری کیے جانے والے اعدادوشمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ فروری کے دوران چین کو اپنی بیرونی تجارت میں سات ارب 30 کروڑ ڈالر کا خسارہ ہوا۔

گذشتہ سال مارچ کے بعد سے چین کایہ پہلا تجارتی اور گذشتہ سات برسوں کے دوران سب سے بڑا خسارہ ہے ۔ تاہم یہ توقع کی جارہی ہے کہ مارچ میں چینی تجارت کا رجحان فاضل رہے گا۔

سٹنڈرڈ چارٹرڈ بینک کے ایک عہدے دار لی وی کا کہناہے کہ نئے چینی سال کی تعطیلات کے باعث فروری کے اعدادوشماربہت زیادہ غیر واضح اور مبہم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ ترکاروباری افراد نے نئے چینی سال کی تیاریوں کے سلسلے اپنی تجارتی سرگرمیاں جنوری میں منتقل کردیں تھیں اور فروری میں زیادہ تر لوگ تعطیلات کا لطف اٹھانے تقریباً دوہفتوں کے لیے اپنے گھروں کو چلے گئے تھے۔

نئے چینی سال سے قبل اور بعد کے دنوں میں چین میں معاشی سرگرمیاں مانند پڑجاتی ہیں۔ اس بار نئے چینی سال کا آغاز تین فروری کوہوا تھا۔

لی کا کہناتھا کہ چاہے ماہانہ تجارت میں کچھ خسارے سامنے آبھی جائیں لیکن انہیں یقین ہے کہ سال کے آخر میں مجموعی طورپر چینی تجارت فاضل رہے گی۔

چین کے وزیر تجارت چن ڈیمنگ نے اس ہفتے یہ کہاتھا کہ چین اس سال اپنے عمومی تجارتی فرق کو مزید کم کرنا چاہتا ہے۔ان کا کہناتھا کہ اس سال کی پالیساں برآمدات کو مستحکم کرنے ،درآمدات کا حجم بڑھانے اور دونوں کے درمیان موجود فرق کو کم کرنے میں راہنمائی کریں گی۔

چین کی تیز تر معاشی ترقی میں موافق تجارتی توازن نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ لیکن اب جب کہ امریکہ اور یورپ جیسی اہم مارکیٹوں میں چینی مال کی مانگ کم ہورہی ہے، چین کا کہنا ہے کہ وہ طلب کا یہ فرق دور کرنے کے لیے اپنی توجہ مقامی منڈی میں کھپت بڑھانے پر مرکوز کررہاہے۔

بیرونی تجارت سے منسلک اور ایک اہم مسئلہ چینی کرنسی یوان کی قدر کا ہے۔ امریکہ جیسے کئی ممالک چین پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ وہ غیر شفاف انداز میں تجارتی مفادات حاصل کرنے کے لیے اپنی کرنسی کی قدر کو مصنوعی طورپر کم رکھ رہاہے ، جس کی وجہ سے چینی مصنوعات سستی ہوجاتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG